کویت سٹی(نمائندہ خصوصی) کویت میں عوامی نیشنل پارٹی کا ایک تعزیتی اجلاس سیکرٹری جنرل ہلال احمد کے گھر پارٹی کے صدر ڈاکٹر جہانزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پارٹی کی مرکزی قیادت جس میں سینئر نائب صدر افتخار احمد خان،نائب صدر زاہد خان خلیل،چیئرمین مجلس عاملہ میاں نور شاہ اور جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر ریاض خان نے شرکت کی۔اجلاس میں پا رٹی کے بزرگ رہنما اجمل خٹک کے انتقال پر اظہار افسوس کر تے ہوئے ڈاکٹر جہانزیب نے کہا کہ اجمل خٹک پا رٹی میں ایک والد کی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اجمل خٹک ایک منجھے ہوئے سیاست دان اورعوامی لیڈر ہی نہیں تھے بلکہ وہ پاکستان کے عوام کے دلوں پر اپنی شخصیت کی وجہ سے راج کرتے تھے۔تحصیل پسرور میں سابق ناظم جسوراں چوہدری خالد محمود باجوہ نے کہا کہ اجمل خٹک مرحوم پاکستان کے وفادار اور اعلیٰ شخصیت کے مالک تھے۔ پاکستان اوورسیز کمیٹی کویت کے صدر محمد ارشد جنجوعہ نے کہا کہ اجمل خٹک ایک شریف النفس اور حقیقت پسند انسان اور سیاست دان تھے۔سیکرٹری جنرل میاں بلند اختر نے کہا کہ اجمل خٹک مرحوم نے پا کستان کی سیاست پر اچھے اثرات چھوڑے ہیں وہ محب وطن اور پرامن سیاست کے پیروکار تھے۔ پاکستان ویلفیئر کمیٹی کویت کے صدر شکیل احمدڈار نے اجمل خٹک کی وفات کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی قومی خدمات ہمیشہ کیلئے اعتراف کے طور پر جانی جائیں گی۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کی سابق ممبر قومی اسمبلی سجیلہ عنصر باجوہ نے کہا کہ مرحوم اجمل خٹک ایک با صلاحیت سیاست دان مفکر اور مدبر تھے۔ رانا اعجازسہیل ایڈووکیٹ نے کہا کہ اجمل خٹک نے ساری زندگی قومی امور پر سچی بات کرنے پر صرف کر دی۔ کویت میں پا کستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما ہومیوڈاکٹر ظہور احمد اعوان نے کہا کہ اجمل خٹک شرافت کے علمبردار تھے اور سیاسی افوق پر چمکتے ہوئے ایک ستارے تھے جن کی وفات کا سن کر میرا دل بوجھل ہوگیا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کویت نے اعلان کیا ہے کہ آئند ہ جمعہ کے روز مرحوم اجمل خٹک کیلئے اجتماعی دعا مغفرت کی جائے گی۔
Post New Comment