پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کے ساتھ جرنلسٹس فورم کا الحاق

ـ 23 جولائی ، 2010
  • Adjust Font Size

مکتوب دوبئی ۔۔۔ طاہر منیر طاہر
متحدہ عرب امارات میں ساڑھے بارہ لاکھ سے زائد پاکستانی عرصہ دراز سے بسلسلہ روزگار مقیم ہیں جو امارات کی مختلف ریاستوں میں مختلف عہدوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی بھی یہاں خاصی تعداد موجود ہے جو یہاں کے عربی، انگلش اخبارات کے علاوہ پاکستان سے یہاں آنے والے اخبارات و جرائد کے لئے کام کر رہے ہیں۔ یہ پاکستانی صحافی امارات کی ساتوں ریاستوں میں مختلف جگہ پر موجود ہیں اور یہ ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کہ امارات میں صحافتی خدمات سرانجام دینے والے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے اور ایک فورم تشکیل دیا جائے۔ اس سلسلہ میں کام 2005ء میں شروع کیا گیا جس کے بانیوں میں طاہر منیر طاہر، ملک عامر نوید، شیخ محمد پرویز اور قیصر خان یوسف زئی کا نام سرفہرست ہے۔ 2005ء سے لے کر 2010ء تک لگاتار کوششوں کے بعد آخر کار امارات میں مقیم زیادہ تر صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کر لیا گیا اور پاکستانی صحافیوں کی اس تنظیم کو مشترکہ رائے سے پاکستانی جرنلسٹس فورم کا نام دیا گیا۔ فورم کے قیام عمل میں آنے تک سہیل خاور چودھری منظور بھٹی، ارشد رانا، سلیمان جاذب، الیاس شہزاد، خالد گوندل اور دیگر مقامی صحافیوں کی خدمات حاصل رہیں جو لائق تحسین ہیں۔
امارات کے قانون کے مطابق یہاں آزادانہ طور پرکوئی تنظیم بن نہیں سکتی لہٰذا اسے باقاعدہ قانونی حیثیت دینے کے لئے پاکستان جرنلسٹس فورم کا الحاق پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی سے کر دیا گیا۔ پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی باقاعدہ رجسٹرڈ ادارہ ہے جو گذشتہ چار دہائیوں سے یہاں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہا ہے۔
پاکستان جرنلسٹس فورم اے ای ونگ آف پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کی تقریب حلف برداری کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ صحافیوں کی خواہش پر پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی تشریف لائے اور صحافیوں سے حلف لیا۔ وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کو پاکستان جرنلسٹس فورم کی تقریب حلف برداری میں لانے کا سہرا سہیل خاور کے سر ہے جنہوں نے اس مقصد کے لئے گرانقدر کام کیا۔ پاکستان جرنلسٹس فورم کی تقریب حلف وفاداری پاکستان ایسوسی ایشن کے وسیع سبزہ زار میں ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی دوبئی و دیگر امارات کے مخصوص پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تقریب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ سفیر پاکستان خورشید احمد جونیجو قونصلیٹ آف پاکستان دوبئی کے قونصل جنرل امجد علی شیر سینئر عبدالنبی بنگش، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر محمد ریاض فاروق ساہی، اشفاق احمد، محمد عبدالقدوس، سہیل خاور اور منظور بھٹی نے خطاب کیا۔
متحدہ عرب امارات میں صحافیوں کی پہلی باقاعدہ تنظیم ’’پاکستان جرنلسٹس فورم ’’یو اے ای‘‘ کے مندرجہ ذیل عہدیداران منتخب ہوئے۔ پیٹرن ان چیف طاہر منیر طاہر بیورو چیف روزنامہ نوائے وقت برائے متحدہ عرب امارات، چیئرمین محمد عبدالقدوس خلیج ٹائمز، صدر اشفاق احمد گلف نیوز، سینئر نائب صدر سہیل خاور روزنامہ جنگ، نائب صدر ملک عامر نوید روزنامہ دن، نائب صدر دوم ارشد رانا ماہنامہ امارات نیوز، جنرل سیکرٹری منظور احمد بھٹی ماہنامہ عریبین پوسٹ، فنانس سیکرٹری سلیمان جاذب، آن لائن اردو انٹرنیشنل، سیکرٹری انفارمیشن قیصر خان یوسف زئی حقائق نیوز، جبکہ ایگزیکٹو باڈی میں شیخ محمد پرویز روزنامہ جسارت، خالد گوندل ہفت روزہ جذبہ انٹرنیشنل اور زمرد خان خیبر نیوز شامل ہیں۔
پاکستان جرنلسٹس فورم کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب کرتے ہوئے محمد ریاض فاروق ساہی صدر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن کو جنرلسٹس فورم بننے پر یہ اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے کہ جرنلسٹس فورم پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کا ایک رنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحافی بغیر کسی دبائو کے آزادانہ طور پر اپنا اپنا کام کریں گے۔ اگر وہ ایسوسی ایشن کے معاملات پر مثبت تنقید کرتے ہیں تو ہم ایسی تنقید کو خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ایک بہت بڑا کام تھا جس پر وہ روزنامہ نوائے وقت کے بیورو چیف برائے متحدہ عرب امارات طاہر منیر طاہر اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات، خورشید احمد جونیجو نے کہا کہ امارات میں کام کرنے والے تمام پاکستانی صحافیوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جانا اور ملکی مفاد کے لئے کام کرنا خوش کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لائیں اور ملک و قوم کے لئے مثبت انداز میں کام کریں۔ خورشید احمد جونیجو نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اگر سرکاری سطح پر کوئی تعاون درکار ہو تو سفارتخانہ پاکستان کی خدمات ان کے لئے حاضر ہیں۔
قونصلیٹ آف پاکستان دوبئی کے قونصل جنرل امجد علی شیر نے کہا کہ اتنی زیادہ تعداد میں صحافیوں کو ایک جگہ دیکھ کر انہیں خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اخبارات کے لئے یو اے ای میں کام کرنے والے صحافیوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو کر کام کرنا یقیناً خوش آئند ہے جس کے مستقبل میں مثبت اثرات نکلیں گے۔ امجد علی شیر نے کہا کہ وطن سے دور رہ کر جو صحافی کا کام کرتے ہیں وہ یقیناً لائق صد تحسین و آفرین ہیں۔ پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین محمد عبدالقدوس، صدر اشفاق احمد، جنرل سیکرٹری منظور احمد بھٹی، اور سینئر نائب صدر سہیل خاور نے کہا کہ بحیثیت صحافی ان پر جو ذمہ داریاں عائد ہوئی ہیں وہ ان کا خیال رکھیں گے اور مقامی خواتین کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے سافٹ امیج کو ابھارنے کے لئے کام کریں گے جبکہ فورم کے دیگر ارکان کی فلاح و بہبود کا ابھی خصوصی خیال رکھا جائے گا۔
پاکستان جرنلسٹس فورم کے عہدیداران کا حلق لینے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک سے باہر صحافیوں کی تنظیم کا قیام ایک بہت بڑا عمل ہے اور صحافیوں کا ایک جگہ اکھٹا ہو کر ملک و قوم کے لئے کام کرنا لائق صد تحسین و آفرین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے صحافیوں پر کبھی کوئی پابندی نہیں لگائی۔ اگر آپ اخبارات و رسائل کا مطالعہ کریں اور ٹی وی دیکھیں تو پتہ چلے گا کہ کس طرح پی پی پی کی حکومت کو تنقیدکا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہم اس تنقید کو صبر کے ساتھ برداشت کرتے ہیں اور مثبت عمل کی کوشش کرتے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے بیرون ملک کام کرنے والے صحافیوں سے کہا کہ بیرون ملک رہتے ہوئے ان پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ لہٰذا صحافیوں کو چاہئے کہ وہ حقائق جان کر پھر لکھیں بے جا تنقید سے اجتناب کریں اور بیرون ملک پاکستان کی صحیح تصویر پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی کا سامنا ہے جس سے ہماری حکومت بطریق احسن نمٹ رہی ہے۔ ہمارے صحافیوں کو چاہئے کہ وہ عالمی میڈیا کا بھرپور انداز سے جواب دیں۔ اور پاکستان کے بارے پھیلائے جا رہے منفی اثرات کو کم کر نے کے لئے پاکستان کے بارے مثبت انداز میں لکھیں۔ انہوں نے کہا کہ امارات میں صحافیوں کی تنظیم کا قیام خوش آئند ہے جبکہ یہاں کام کرنے والے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے سرکاری سطح پر بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے وفود میں امارات میں کام کرنے والے صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ قمر زمان کائرہ نے نومنتخب ارکان سے کہا کہ وہ اپنی فلاح و بہبود کے لئے جرنلسٹس فورم کے پلیٹ فارم سے ان سے رابطہ کریں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter