سیلاب زدگان کی مدد کیلئے حکومت کے ساتھ محب وطن پاکستانیوں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا

ـ 22 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

مکتوب دوبئی ۔۔۔ طاہر منیر طاہر
حلقہ این اے 111سے ووٹوں کی بھاری اکثریت اور عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرکے کامیاب ہونے والی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان وفاقی وزیربرائے بہبود آبادی نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور امارات میں مقیم اپنے حلقہ انتخابات این اے 111 کے لوگوں سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے اعزاز میں ان کے حلقہ کے چودھری محمد شکیل نے شارجہ کے ایک ہوٹل میں تقریب کا اہتمام کیا جس میں امارات کی ساتوں ریاستوں سے تقریباً چار سو لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر قونصیلٹ آف پاکستان دوبئی کی پریس قونصلر زاہدہ پروین بھی موجود تھیں جبکہ پی پی پی امارات کے سرگرم کارکنوں ملک خادم شاہین طارق حسین بٹ میاں منیر ہانس اور شاعر دوبئی امجد اقبال امجد نے خطاب کیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق کی آمد پر چودھری محمد شکیل اور ان کے ساتھیوں نے خوش آمدید کہا اور ان کی صورت میں پھولوں کا بڑا گل دستہ پیش کیا پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔
تقریب کے منتظم چودھری محمد شکیل نے ڈاکٹرفردوس عاشق کو ایسے اہل حلقہ این اے 111 کے لوگوں کی طرف سے خوش آمدید کہا اور عمرہ کی ادائیگی پر اپنی مبارک باد پیش کی۔ تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض طارق حسین بٹ نے انجام دیئے اور ر باعیات بھی سنائیں۔
امارات میں مقیم پی پی پی کے جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج جس ہال میں وہ تقریر کرنے کے لئے آئی ہیں اس ہال میں ہی انہیں محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ تقریر کرنے کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ محترمہ میرے ساتھ انتہائی شفقت سے پیش آتی تھیں اور اعتماد بھی کرتی تھیں جمہوریت اور عوام کی خدمت کے عظیم جذبے کو میں نے ان سے ہی سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء والے انتخابات پاکستانی تاریخ کے بڑے اہم انتخابات تھے کیوں کہ ان انتخابات میں فیصلہ ہونا تھا کہ عوام جمہوریت چاہتے ہیں یا آمریت کو مزید برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام لوگوں اور غریبوں کی جماعت ہے۔ پی پی پی کی جڑیں عوام کے دلوں میں پیوست ہیں۔ پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام لازم وملزوم ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ عوام الناس نے ذات پات اور برادری کی پرواہ کئے بغیر حلقہ 111 سے ووٹوں کی بھاری اکثریت سے مجھے کامیابی دلوائی اور یہ کامیابی ایک ایسے شخص کے مقابلے میں دلائی جو اس جگہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن کا چھ مرتبہ جیت چکا تھا اور سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے پر فائض تھا۔ عوام اب ذات پات اور برادری نہیں دیکھتے بلکہ وہ کام کرنے والے کو ہی دیکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مجھے فوقیت حاصل ہوئی اور آج میں اپنے حلقہ کے لوگوں کی خدمت کے لئے موجود ہوں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں حالیہ سیلاب نے جو تباہی مچائی ہے وہ بدترین ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ سیلاب زدگان کی دوبارہ آباد کاری کا کام اتنا آسان اور صرف حکومت کے بس کی بات نہیں ہے لہذا ہر شخص کو انفرادی طور پر بھی سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے آگے آکر حکومت کا ہاتھ بٹانا چاہیے اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے جو بھی ممکن ہوسکے کرنا چاہیے۔ پی پی پی کے خلاف مختلف محاذوں سے منفی پروپیگنڈہ کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ آجکل میڈیا کے کچھ اینکرز صرف الزاماتی صحافت کررہے ہیں اور ایک خاص شخصیت کو ٹارگٹ کرنے میں لگے ہوئے ہیں جو منفی صحافت کی غماز ہے اور صحافت کے مسلمہ اصولوں کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ تنقید جمہوریت کا حسن ہے اور صحافت کا طرہ امتیاز ہے لیکن تنقید اور الزامات میں فرق کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کچھ صحافی اس فرق کو بھول کر مخصوص قوتوں کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی پی پی محترمہ بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی سیاست کا علم اٹھائے ہوئے ہے اس سیاست میں برداشت ہی وہ جذبہ محرکہ ہے جو جمہوریت کی بقاء کا ضامن ہے اور آصف علی زرداری اس مفاہمت کو سینے سے لگائے آگے بڑھ رہے ہیں۔
بہبود آبادی کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چونکہ وہ بہبود آبادی کی وزیرہیں اور عوام تک یہ پیغام پہنچانا بھی اپنا فرض سمجھتی ہیں کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بھی آگاہ کروں انہوں نے کہا کہ ہر سال پاکستان کی آبادی میں 35لاکھ نفوس کا اضافہ ہورہا ہے جسے کنٹرول کرنے کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب سے میاں منیر ہانس اور خادم شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 111 سے چھ دفعہ منتخب ہونے والے چودھری امیر حسین کو شکست دینا ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا عظیم کارنامہ ہے تقریب کے آخر میں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ہر دم ساتھ دینے والے چودھری محمد شکیل کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی کمپنی کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر کیک کاٹا اور اپنے حلقہ کے لوگوں سے فرداً ملاقات بھی کی۔ انہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے پر منتظمین اورشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter