تازہ ترین:

عوام کے تعاون سے دہشت گردی کا قلع قمع کر دیں گے: شاہ محمود قریشی

ـ 15 دسمبر ، 2009
  • Adjust Font Size

دوبئی (طاہر منیر طاہر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گلف ریجن کے 6عرب ممالک سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری پاکستان میں لائی جائے گی۔ اس سلسلہ میں پاکستانی سفیروں کے ذریعے عرب شیوخ اور پاکستانی تاجروں کو اس طرف راغب کیا جا رہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اس سلسلہ میں ان سے ہر ممکن تعاون اور ہر ممکن تحفظ مہیا کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب' کویت' بحرین' قطر' عمان اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی سفیروں کی کانفرنس کے بعد مقامی الیکٹرانک' پرنٹ میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے۔ وطن دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ایمانی قوت اور عوام کے تعاون کے ساتھ دہشت گردی کا قلع قمع کر دیں گے۔ قونصلیٹ آف پاکستان دوبئی میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلف ریجن کے متذکرہ 6عرب ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کےلئے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں اور زیادہ سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے کی کوشش کریں۔ گلف ریجن کی جیلوں میں بند پاکستانیوں کے بارے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے بھی سفیروں سے بات ہوئی ہے اس سلسلہ میں مثبت اقدام اٹھائے جائیں گے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ کسی کی بھی عزت نفس مجروح کئے بغیر ملکی مفاد اور استحکام پاکستان کے لئے عملاً کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک میں دہشت گردی روکنے کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمسایہ ممالک بھی پرامن رہیں پاکستان ذمہ دار ملک ہے۔ ہم اپنی سرحدوں کی حفاظت بخوبی کر سکتے ہیں اور ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter