اسلام کی حقانیت مختلف مذاہب میں فروغ پا رہی ہے

ـ 15 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

مکتوب دوبئی ۔۔۔ طاہر منیر طاہر ۔۔۔
امریکہ میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وہاں کے مختلف مذاہب کے لوگ اسلام کی طرف مائل ہو رہے ہیں اور اسلامی اقدار میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔ نائن الیون سے پہلے قرآن پاک کے نسخہ جات امریکہ کی بک شاپس پر کہیں کہیں ملتے تھے لیکن اب قرآنی نسخوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے اور قرآن پاک مختلف بک شاپس پر مین کائونٹر پر رکھا ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن طلبہ اسلام کے بانی کارکن ظفر اقبال نوری نے گذشتہ روز مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چودھری نور الحسن تنویر کے گھر ایک ظہرانے کے دوران تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔
انجمن طلبہ اسلام پاکستان کی معروف تنظیم ہے جسے سٹوڈنٹس آرگنائز کرتے ہیں۔ ظفر اقبال نوری ایک عرصہ تک اس تنظیم کے محرک رہنما رہے ہیں اور تنظیم کے حوالے سے ان کا بڑا نام ہے۔ وہ آج کل امریکہ میں مقیم ہیں اور وہاں ایک مسجد میں مسلمانوں کو اسلامی درس دیتے ہیں۔ اپنے دورہ دبئی کے دوران ظفر اقبال نوری نے مزید بتایا کہ غیر مسلم طاقتیں جس قدر بھی زور لگا کر اسلام کو دبانے یا اس کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہیں یہ مذہب اتنی ہی طاقت سے ابھر کر سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے واقعہ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ نہ صرف امریکہ بلکہ دیگر غیر اسلامی ممالک میں بھی اسلام کا نام ابھر کر سامنے آیا اور غیر مسلموں نے اس پر توجہ دینا شروع کر دی۔ اسلامی کتب خاص طور پر قرآن پاک کہیں کہیں دستیاب تھا اب قرآن پاک اور دیگر اسلامی کتب پورے امریکہ میں ہر جگہ باآسانی دستیاب ہیں۔ ظفر اقبال نوری نے بتایا کہ غیر مسلم جب اسلامی کتب یا قرآن پاک پڑھتے ہیں تو اسلام کی جانب راغب ہوتے ہیں اور اسلامی مذہب اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بذات خود انہوں نے سینکڑوں امریکیوں کو مسلمان کیا ہے اور اب وہ اللہ کے کرم سے مذہب اسلام اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ظفر اقبال نوری نے کہا کہ جب امریکی یا امریکہ میں مقیم کوئی بھی غیر مسلم مذہب اسلام میں داخل ہوتا ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں جبکہ امریکی حکومت یا وہاں مقیم اردگرد کے لوگوں کی طرف سے نومسلم پر کوئی دبائو نہیں ڈالا جاتا۔ ظفر اقبال نوری نے کہا کہ وہ مسجد میں درس قرآن دیتے ہیں جس سے ہزاروں مسلمان گھرانے اور ان کے بچے مستفید ہو رہے ہیں۔ ہمیں مسجد کے اندر رہ کر اپنے مذہب کے پرچار پر بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے جس کا دہشت گردی یا بدامنی سے دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے۔ اسلام امن اور بھائی چارہ سکھاتا ہے اور صاف ستھرا مذہب ہے جس کے بارے اب سب جانتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ میں مقیم لوگوں کی بڑی تعداد اب اسلام کی طرف راغب ہو رہی ہے جس میں ہر رنگ و نسل اور عمر کے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم نے نوجوانوں کے ذہن میں اسلام اور اسلامی اقدار کا لفظ ڈالا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ATI کا ہر رکن بنیادی طور پر اسلام کاہی پرچار کرتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ظفر اقبال نوری نے بتایا کہ ’’پاکستان میں جگہ جگہ ہماری نوجوان نسل اسلام اور اسلامی اقدار کے بارے میں سوچتی ہے۔
اپنے آبادی علاقہ ملتان کے بارے بات چیت کرتے ہوئے ظفر اقبال نوری نے چودھری نور الحسن تنویر سے کہا کہ ATI کو متحرک کرنے کا سہرا ملتان کے سر ہے۔ وہ آج بھی جب چند سال بعد امریکہ سے پاکستان اور وہاں سے ملتان جاتے ہیں تو بیشمار یادیں لے کر واپس آتے ہیں۔
ظہرانے کے بعد چودھری نور الحسن تنویر نے ظفر اقبال نوری کو ملاقات کا شرف عطا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور تحائف پیش کئے ۔ یاد رہے کہ ظفر اقبال نوری امریکہ سے سعودی عرب عمرہ ادا کرنے کی غرض سے آئے۔ ادائیگی عمرہ کے بعد عزیز و اقارب سے ملنے کے بعد پاکستان چلے گئے ۔ ##

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter