دبئی میں ’’شام سخن‘‘ 15 جنوری کو منعقد ہو گی دبئی میں سال نو2010ء کا پہلا مشاعرہ منعقد کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں پاکستان سے ڈاکٹر صغریٰ صدف، شاہدہ حسن اور فرحت عباس شاہ کے علاوہ امارات میں مقیم پاکستانی شعراء شرکت کر رہے ہیں۔ دبئی کی نو قائم شدہ ادبی تنظیم رائٹرز فورم دبئی کے صدر امجد اقبال امجد اور جنرل سیکرٹری بابر عزیز بھٹی نے ایک پریس کانفرنس بسلسلہ مشاعرہ ’’شام سخن‘‘ کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اہل دبئی کے لئے سال نو کے آغاز میں ہی مشاعرے کا انعقاد ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے دبئی میں کوئی قابل ذکر مشاعرہ انعقاد پذیر نہیں ہوا تھا لہٰذا اہل امارات کی تفریح طبع کے لئے اس مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے جسے’’ شام سخن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ امجد اقبال امجد اور بابر عزیز بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ممتاز بزنس مین اور مشاعرہ کے سپانسرز اشتیاق لطیف، وقار سہیل اور مشیر حسین بھی موجود تھے۔ایک سوال کے جواب میں امجد اقبال امجد نے کہا کہ مشاعروں کے انعقاد کا مقصد اردو زبان اور شاعری کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کے لوگ ادب کے قدردان ہیں اور ادبی محافل میں ذوق شوق سے شرکت کرتے ہیں۔ جنرل سیکرٹری بابر عزیز بھٹی نے کہا کہ یہ مشاعرہ موجودہ ڈیپریشن کے دور میں ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا ہے جو چند گھنٹوں کے لئے لوگوں کے غم پریشانیاں اور تفکرات بھلا دے گا لوگوں کو فرحت اور چین نصیب ہو گا۔ آج کے پر آشوب دور میں اس طرح کی محافل کا انعقاد بے حد ضروری ہے۔ 15 جنوری کو ہونے والے اس مشاعرہ میں سینکڑوں شائقین ادب کو مدعو کیا گیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ مشاعرہ شام سخن لوگوں کو ایک لمبے عرصے تک یاد رہے گا۔
متحدہ عرب امارات کے دو صحافیوں کا ریکارڈ
دنیا کی سب سے طویل عمارت برج خلیفہ کی 127 ویں منزل پر چڑھنے اور وہاں جا کر فوٹو گرافی کرنے کا اعزاز امارات کے دو پاکستانی صحافیوں ارشد انجم اور ابوالحسن کو حاصل ہو گیا ہے۔امارات میں مقیم پاکستانی صحافیوں میں سے یہ پہلے دونوں صحافی ہیں جنہوں نے دنیا کی بلند ترین عمارت پر چڑھ کر فوٹو گرافی کی اور وہاں ہونے والے مشاہدہ کو قلم بلند کیا۔ ارشد انجم اور ابوالحسن نے بتایا کہ ان کے ادارہ الشرق کی طرف سے ان کے لئے یہ ایک اعزاز ہے۔ برج خلیفہ پر پاکستانی صحافیوں میں سے سب سے پہلے جانے کا اعزاز پانے والے دونوں صحافیوں کو پاکستان جرنلسٹ فورم یو اے ای نے مبارک باد دی ہے۔
پاکستان سوشل شارجہ کے انتخابات
شارجہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے لئے قائم پاکستان سوشل سنٹر کے انتخابات 15 جنوری بروز جمعۃ المبارک منعقد ہو رہے ہیں۔
انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پاک امارات انٹرنیشنل ویلفیئر فورم یو اے ای اور پی پی پی کے ممتاز رہنما چودھری ظفر اقبال کا گروپ قابل ذکر ہیں جبکہ حال ہی میں ایک تیسرے گروپ پاک کشمیر فورم کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ تینوں گروپ زیادہ سے زیادہ ووٹر بنانے کی غرض سے پاکستان کے اسٹائل پر اپنی مہم چلا رہے ہیں۔ اول الذکر دونوں گروپ زیادہ اہمیت کے حامل ہیں جو الیکشن کا اعلان ہوتے ہی سامنے آئے تھے جبکہ تیسرا گروپ حال ہی میں ظاہر ہوا ہے۔ گزشتہ دنوں پاک امارات انٹرنیشنل ویلفیئر فورم یو اے ای کے ارکان چودھری حاجی محمد نواز آف الحوائی ٹرانسپورٹ، چودھری راشد علی برپار اور راجہ عبدالحمید نے عجمان کی ممتاز کاروباری شخصیت ورلڈ رائٹرز فورم کے چیف آرگنائزر اور سوشل ورکر چودھری محمد امجد اقبال چیمہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور الیکشن میں پاک امارات انٹرنیشنل فورم کا ساتھ دینے کی بات کی۔ اس پر چودھری محمد امجد اقبال چیمہ نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ان کے لئے عبادت کا درجہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے سلسلہ میں بھی وہ پیچھے نہیں رہیں گے اور ان کے ذمہ جو کام لگایا جائے وہ کریں گے۔ امجد اقبال چیمہ نے پاک امارات ویلفیئر کے وفد کو اپنی طرف سے مکمل اعتماد کا یقین دلایا اور کہا کہ پاک امارات انٹرنیشنل ویلفیئر فورم عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متذکرہ فورم کے ارکان انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کریں گے۔
Post New Comment