برسلز: بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں کے احتجاجی مظاہرے

ـ 16 اگست ، 2010
  • Adjust Font Size

برسلز (نامہ نگار) کشمیر سنٹر برسلز کے زیر اہتمام بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارتی سفارت خانہ کے سامنے ایک پرامن مظاہرہ کیا جس میں کشمیریوں نے بھاری تعداد میں شرکت کر کے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ظلم و زیادتیوں' تشدد اور قتل و غارت کو بند کرنے میں کردار ادا کریں۔ اس موقع پر کشمیر سنٹر برسلز کے چیف ایگزیکٹو برسٹر مجید ترمبو نے یورپین پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ 2008ءمیں پارلیمنٹ کے فیصلے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے عمل درآمد کریں تا کہ آزادی کے متوالوں کو انصاف مل سکے اور انصاف قائم ہو اور جنوبی ایشیا میں ترقی کے دروازے کھل سکیں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو کوئی ایسا فیصلہ قبول نہیں جو بھارتی قانون کے مطابق ہو۔ مقبوضہ کشمیر میں الیکشن اور الیکشن کے ذریعے غیر جمہوری اداروں کے فیصلے کشمیریوں کو قابل قبول نہیں۔ اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں گمشدہ کشمیریوں گمنام قبروں اور قتل و غارت کے خلاف کشمیریوں کی مدد کریں اور انہیں یو این او کے قوانین کے مطابق حق خودارادیت دلوائیں۔ مظاہرہ سے کشمیر ایڈوائزری کرنل کے صدر راجہ ظہیر نے کہا کہ بھارت آج دنیا کے سامنے ایک تماشا بن گیا ہے۔ نوجوانوں' بچوں' بوڑھوں کا قتل عام کر کے جمہوریت کے وعدے کرتا ہے لیکن کشمیری اسے ہر جگہ ہر ملک اور ہر مقام پر بے نقاب کرتے رہیں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا۔ کشمیری ایڈوائزری کرنل کے جنرل سیکرٹری سردار جاوید سرور نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو لگام دیں جو عرصہ دراز سے کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر حاجی پرویز نے کہا کہ کشمیری عوام ابھی تک اپنے پیدائشی حق سے محروم ہیں وہ آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے مسلم لیگ ق یورپ کے چیف آرگنائزر چودھری اکرم' پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری شیخ شکیل احمد نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین قسم کی خلاف ورزی کر رہی ہے عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہئے۔ پیپلز مسلم لیگ کے کوارڈینیٹر چودھری نصیر نے کہا کہ کشمیری آج کے بعد بھارت سے نفرت کا اظہار کر کے یوم سیاہ منائیں۔ عالمی طاقتوں کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں مظاہرہ میں مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے اور بھارت کے خلاف زبردست مظاہرہ کر کے یورپین و دیگر لوگوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ مظاہرہ میں برسلز' اینٹورین لیج سمیت دیگر تمام شہروں سے سیاسی' سماجی' ثقافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کر کے بھارت کا یوم سیاہ منایا اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions

Twitter