برسلز (نامہ نگار) مشاورتی کونسل برائے کشمیر سنٹر برسلز کے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر منظور ظہور نے 5 فروری یوم یکجہتی کے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیلجئم کے درالحکومت برسلز میں وزیر اعظم بیلجئم کے گھر کے سامنے سے خواتین و بچے شمع بردار جلوس لے کر چلیں گے اور کشمیر سنٹر ای یو برسلز پر ختم کریں گے۔ برسلز میں پہلی دفعہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بیلجئم بھر کے شہروں سے خصوصاً خواتین اور بچے جوق در جوق شرکت کریں گے۔ مقبوضہ وادی میں دنیا پر واضح کیا جائے گا کہ ظلم و ستم کی داستانوں، نہتے معصوم کشمیریوں کو شہید کرنے عصمت دری کے واقعات اور گمنام قبروں کے انکشاف نے وادی میں خوف و ہراس پیدا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سنٹر ای یو برسلز کے چیئرمین بیرسٹر عبدالمجید ترمبو جلوس کے شرکاءکے ساتھ شامل ہو کر یورپی یونین کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اسکے اصل فریق کشمیریوں کو شامل کر کے مسئلہ کا حل نکالیں۔ مشاورتی کونسل برائے کشمیر سنٹر یورپ برسلز کے سیکرٹری جنرل سردار محمد جاوید سرور نے کہا کہ مشعل بردار جلوس اینٹورین، لیج، سالروا، مونس، کوترک، گینٹ ہاسلٹ اور برسلز سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جلوس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی یورپی یونین کو شمعیں جلا کر یہ پیغام دے گی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر مشاورتی کونسل برائے کشمیر سنبر برائے یورپ برسلز کے صدر راجہ ظہیر احمد اور محمد نعیم ڈار نے کہا کہ یورپی یونین سے اپیل کریں گے کہ وہ مسئلہ کشمیر میں ظلم و ستم کرنے والی بھارتی سیکورٹی فورسز کو سیاہ داستانیں رقم کرنے اور گمنام قبروں کا نوٹس لیں۔
Post New Comment