ہفتہ ‘23 ؍ شعبان المعظم‘1431 ھ‘ 7 ؍ اگست 2010ء

ـ 7 اگست ، 2010
حکومت نے اڑھائی ارب کی امدادتقسیم کرنے کے بجائے بنک میں جمع کرادی۔ یہ امداد جاپان سے نان پروجیکٹر ویلیو فنڈز کے طور پر اکنامک افیئرز ڈویژن کو ملی‘ جو ایک بنک میں رکھوا دی گئی ہے جس سے مبینہ طور پر بنک اور چند اعلیٰ حکام فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ فنانس منسٹر حنا ربانی کھر نے اسکی تردید کی ہے۔
آجکل وہ عالم ہے کہ لکھ چھپائے چھپ نہیں سکتا اصلی نقلی چہرہ‘ چنانچہ حنا رنگ لاتی ہے‘ پتھر پہ گھس جانے کے بعد۔ بہرحال اگر حنا ربانی کہتی ہیں تو تردید مان لیتے ہیں مگر جاپان نے اڑھائی ارب روپے تو دیئے ہیں جو چلو بنک میں بھی نہیں‘ مستحقین میں تقسیم بھی نہیں ہوئے‘ پھر گئے کدھر؟
وزیراعظم جعلی کیمپ کے ساتھ ساتھ جاپانی امداد کا بھی سراغ لگائیں‘ کہیں پوری فنانس منسٹری دو نمبر نہ نکل آئے۔ اڑھائی ارب بہت بڑی رقم ہوتی ہے‘ مہندی تو ہے نہیں جو ہاتھوں پر لگالی جائے۔ بہرحال مہندی رنگ ضرور لاتی ہے‘ اس لئے ضرور کسی نے اڑھائی ارب کو رگڑا دیا ہو گا‘ اب یہ اتنی بڑی رقم تو رگڑا دینے سے برآمد ہوگی۔ وزیراعظم ورنہ ازخود نوٹس والے اس کا نوٹس لے لیں کیونکہ یہ رقم سیلاب زدگان کی امانت ہے‘ جو بے یارومددگار امداد کے منتظر ہیں۔
٭…٭…٭…٭
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے‘ سیاسی کیریئر شروع نہیں کر رہا‘ کل متاثرین کیلئے امدادی کائونٹر کا افتتاح کرونگا‘ نانا کی طرح قانون کی تعلیم حاصل کرونگا‘ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عوام سے مل کر کام کرنا چاہتا ہوں۔ انتہا پسندی نے مجھ سے ماں چھین لی۔
سیاست کا آغاز تو بلاول زرداری آپ نے اسی دن شروع کرلیا تھا‘ جس روزآپ کو پارٹی کا چیئرمین بنایا گیا۔ آپ کے نانا نے پاکستان کو ایٹم بم دیا‘ آپ کیا دینگے؟
باقی یہ کہ والدہ آپ سے انتہا پسندی نے ہی چھینی مگر وہ امریکی انتہا پسندی تھی‘ جسے آپ کے نانا جان نے ٹھکرا دیا تھا اور پھر اسی امریکی انتہا پسندی کی زد میں آگئے جس نے آپ سے ماں بھی چھین لی۔ آپ ماشاء اللہ ہونہار ہیں‘ برمنگھم چھوڑیئے‘ اپنے ملک میں سیاسی باگ ڈور سنبھالئے‘ آپ کے والد محترم نے سب کچھ مضبوطی سے آپ کیلئے پکڑا ہوا ہے‘ بس آئیے اور سنبھالئے‘ خدا کرے کہ آپکی شکل میں آپ کے نانا Repeat ہو جائیں۔
پیپلز پارٹی کو پیپلز پارٹی بنانے کی اس وقت سخت ضرورت ہے‘ اگر دیر کی تو یہ بڑی عوامی پارٹی بڑی ہنگامی پارٹی بن کر رہ جائیگی۔ سیلاب برمنگھم میں نہیں‘ پاکستان میں آیا ہے‘ آئیے اور پانی میں اتریئے کہ عوام پانی میں ڈوب رہے ہیں۔ زرداری اللہ لوک بندے ہیں‘ اب وہ خود بھی اللہ اللہ کرنا چاہتے ہیں‘ اس لئے اپنی امانت سنبھال لیجئے۔
٭…٭…٭…٭
عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں نے کہا ہے‘ کراچی میں مضبوط مافیا لوگوں کو مذہب‘ عقیدہ کے نام پر لڑتا ہے‘ اے این پی نے کبھی زبان اور نسل کی بنیاد پر سیاست نہیں کی۔
جس پارٹی نے باچا خان کی خواہش پوری کرتے ہوئے پختونخواہ صوبے کا نام رکھا‘ وہ نام خالصتاً نسلی ہے۔ خیبر پختونخواہ کی ہانڈی میں نمک کے برابر ہمارے وائیں صاحب جس باغ کی مولی ہیں‘ وہ پنجاب کہلاتا ہے۔
٭…٭…٭…٭
امریکی وفاقی عدالت نے ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی ختم کردی‘ امریکہ کو ہم جنس پرستی ہی ختم کر دیگی اور نئے امریکی پیدا ہونے بند ہو جائیں گے۔
امریکہ اپنی آلائشیں پوری دنیا میں پھیلانا چاہتا ہے‘ اس لئے امریکہ میں مقیم دوسری قوموں کے افراد کو محتاط رہنا ہو گا‘ ساری دنیا میں جوڑا مرد اور عورت سے بنتا ہے مگر امریکہ میں جوڑا مرد اور مرد‘ عورت اور عورت سے بھی بنتا ہے۔ یہ جوڑے بڑے بے جوڑ اور بے پھل ہوتے ہیں اور یوں لگتا ہے کہ امریکہ اپنی تباہی کا سامان جمع کر رہا ہے جس روز امریکی پوری طرح آل لوط بن جائینگے‘ وہ امریکہ کا آخری دن ہو گا۔
حیرانی ہے کہ امریکہ کی ایک اعلیٰ وفاقی عدالت نے یہ فیصلہ دیا ہے‘ کہیئے! امریکہ کے انصاف کے تقاضے کیا ہونگے‘ امریکہ میں ہر قوم اور نسل و مذہب کے افراد مقیم ہیں‘ ظاہر ہے امریکی اخلاقیات کا دیوالیہ پن ان پر بھی اثرانداز ہو گا۔ ان کو چاہیے کہ وہ ایسی اخلاق باختگی کیخلاف مہم چلائیں‘ وگرنہ یہ امریکی فتنے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے‘ امریکہ کی حالت یہ ہے کہ؍…
الجھا ہے پائوں یار کا زلف دراز میں
خود آپ اپنے دام میں صیاد آگیا
٭…٭…٭…٭
بھارتی اداکارہ کاجول 35 سال کی ہو گئیں۔
ایک انڈین اداکارائیں ہیں‘ جو سِلم اور سمارٹ جبکہ ہماری اداکارائیںماشاء اللہ ہر لحاظ سے ’’صحت مند‘‘ نظر آتی ہیں اگر حساب لگایا جائے تو یقیناً کاجول ہماری کئی اداکارائوں کے بعد پیدا ہوئی ہو گی‘ اور آج عمر میں ان سے آگے نکل گئی۔ پچھلے 35 سال سے پاکستانی اداکارائوں کی عمر 24 سال چلی آرہی ہے‘ وہ اپنا وزن تو بڑھاتی ہیں‘ مگر عمر نہیںکہ کہیں فلم ساز ان سے منہ نہ موڑ لیں۔ شاباش ہے فلم سازوں اور فلم بینوں کی ’’برداشت‘‘ پر جو 35 سال سے میرا‘ ریما‘ صائمہ اور ریشم کے گرد ہی گھومتے نظر آتے ہیں۔
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

سب سے زیادہ پسندیدہ

Twitter