روحانی بہار
نُورِ بَصیِرتْ… میاں عبدالّرشید ـ 17 اگست ، 2010
رمضان المبارک کی روحانی بہار کا موسم ہے اسکے دوران کیف و مستی کی ہوائیں چلتی ہیں رحمت کی گھٹائیں برستی ہیں۔ زرخیز دلوں کی زمین میں سے روحانیت کے پودے پھوٹتے ہیں اور انکے خوشبودار پھولوں سے ساری فضا مہک اٹھتی ہے البتہ بنجر زمین میں سے صرف خاردار جھاڑیاں اگتی ہیں اور پتھر دل جیسے ہیں ویسے ہی رہتے ہیں۔ یوں تو ہر آن اللہ تعالیٰ کی رحمت کی بارش برستی ہے حق تعالیٰ کی رحمت نہ ہو تو نہ کسی کو نیکی کی ہدایت ہو نہ نیکی کرنے کی توفیق لیکن رمضان المبارک کے دوران حق تعالیٰ کی رحمت زوروں پر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسجدیں نمازیوں سے بھر جاتی ہیں۔ عبادت آسان ہو جاتی ہے۔ رمضان المبارک کے علاوہ کسی اور مہینے میں روزے رکھیں تو اتنی آسانی سے نہیں رکھے جاسکتے۔ بچے اور نوجوان جن کے قلوب معصوم ہوتے ہیں خاص طور سے مساجد کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ چودھویں کا چاند پوری آب و تاب سے جلوہ گر ہوتا ہے تو سمندر کا پانی روزمرہ کی سطح سے کتنا اونچا اٹھتا ہے۔ گویا وہ آسمان کی بلندیوں کو چھو لینا چاہتا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت کا چاند پوری آب و تاب سے سے جلوہ فگن ہوتا ہے۔ اس لئے دلوں کے دریا بھی جو سمندروں سے زیادہ گہرے ہیں جوش میں آتے ہیں انکے اندر سے لہریں بلند ہوتی ہیں اور عرش الٰہی کے کنگروں تک پہنچنے کی کوشش کرتی ہیں۔ وہ اپنے نالہ و فغاں کا شور حریم ذات تک پہنچانے کیلئے بے تاب ہوتی ہے۔ مشاہدہ ذات و صفات کے متوالو تیار ہو جائہ حضور اکرمﷺکے طفیل آنجنابؐ کے امتیوں کیلئے پاکیزہ اور مصفا شراب عشق الٰہی کے خم خانوں کے منہ کھول دیئے جانے والے ہیں۔ ہر خاص و عام کیلئے صلائے عام ہے۔ جنگلوں اور پہاڑوں میں سرگردان پھرنے اور جان گسل مجاہدوں میں بدنوں کو اذیتیں دینے کی بجائے گھر بیٹھے آرام سے بلند ترین روحانی مقامات اور احوال سے لطف اٹھائو حضور اکرم ﷺ نے اپنی امت کیلئے بڑی آسانیاں مہیا فرما دی ہیں ان سے پورا فائدہ اٹھائو۔
ایک ماہ کے روزے رکھو صبح صادق سے غروب آفتاب تک کوئی بڑی مشقت نہیں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرو۔ تراویح میں قرآن پاک سنو سحری کیلئے اٹھنا تو ہوتا ہی ہے پہلے تہجد کی نماز پڑھ لو ۔ یہ خاص حضوری کا وقت ہے فضول باتوں سے بچو کھانا حرام کمائی سے نہیں کھانا چاہئے۔ ورنہ سارے کئے کرائے پر پانی پھر جائیگا ہر کام میں صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کو پیش رکھو جہاں تک ہو سکے اپنی زبان اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنٰی میں سے کسی اسم مبارک کے ذکر سے تر رکھو۔ زیادہ درجات کے خواہاں ہو تو آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھ جائو۔
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.
جہاں کلیک کریں