سورہ الرعد…(۲)
نُورِ بَصیِرتْ… میاں عبدالّرشید ـ 7 جولائی ، 2009
تخلیق کے دوسرے مرحلہ یعنی روئے زمین پر نمودار ہونے والی پیدائش کا بیان جاری ہے۔
’’4۔ (دیکھو) زمین میں پاس پاس قطعات ہیں‘ (مگر ہر ایک کی تاثیر مختلف ہے) کہیں انگوروں کے باغات ہیں‘ اور (کہیں) کھیتیاں اور (کہیں) کھجوریں… بعض ایک ہی جڑ سے پھوٹی ہوئی اور بعض الگ الگ‘ حالانکہ یہ سب ایک ہی پانی سے سیراب ہوتی ہیں‘ اور ہم نے بعض کو ذائقہ میں دوسروں پر فضیلت دی ہے‘ یقینا اس میں اہل دانش کیلئے واقعی آیات ہیں‘ (یعنی قدرت الٰہی کے نشانات ہیں)
یہی حال انسانوں کا ہے‘ پاس پاس رہتے ہیں‘ مگر کوئی نیک ہے‘ کوئی بد‘ کوئی غور و فکر کرنے والا ہے‘ کوئی لاپرواہ‘ کوئی ترش ہے‘ کوئی شیریں مزاج۔
’’5۔ اور اگر آپ تعجب کریں تو قابل تعجب ان (کفار) کی یہ بات ہے‘ کیا جو ہم (مر کر) مٹی ہوجائیں گے‘ تو پھر ازسر نو پیدا ہوں گے؟
’’یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب کی (قدرتوں سے) انکارکیا‘ اور یہی وہ لوگ ہیں‘ جن کی گردنوں میں طوق ہیں (غلط رسوم و رواجات کے طوق‘ جن کے باعث وہ صحیح بات سمجھ نہیں پاتے) اور یہی دوزخی ہیں‘ وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے‘‘
’’6۔ اور وہ آپؐ سے برائی کیلئے جلدی مچاتے ہیں۔ بھلائی سے پہلے‘ حالانکہ ان سے پہلے واقعات(عذاب) گزر چکے ہیں‘ اور یقینا آپؐ کا رب لوگوں کے ظلم کے باوجود انہیں معاف فرما دینے والا ہے‘ مگر آپؐ کے رب کا عذاب بہت سخت ہے‘‘
اشارہ اس طرف ہے کہ کفار حضورؐ اکرم پر ایمان لا کر بھلائی حاصل کرنے کی بجائے‘ الٹا آپؐ سے عذاب کا مطالبہ کرتے ہیں‘ آگے فرمایا وہ جو اب تک اپنے گناہوں کے باوجود عذاب سے بچے ہوئے ہیں‘ اسکی وجہ اللہ کی صفت مغفرت کا فراواں ہونا ہے‘ لیکن اگر کفار اسی طرح برائیوں میں مبتلا رہے تو ایک دن ضرور عذاب شدید کی گرفت میں آ جائیں گے۔ ’’7۔ اور کفار کہتے ہیں‘ اسؐ پر اسؐ کے رب کی طرف سے کوئی آیت (خاص نشانی) کیوں نازل نہیں ہوئی۔ (حالانکہ قرآن پاک کا ایک ایک فقرہ اور حضور اکرمؐ کا ایک ایک عمل آیت ہے)
’’آپؐ صرف (اعمال بد کے برے نتائج سے) ڈرانے والے ہیں اور (اس سے پہلے بھی ہر قوم کیلئے ہدایت دینے والا (نبی) آتا رہا ہے‘‘
(اس لئے آپؐ اپنا کام جاری رکھیں‘ ان لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہ کریں) رکوع 2 میں بھی اللہ تعالیٰ کی شان ہی کا بیان ہے‘ مگر اور انداز سے پہلے رکوع میں کائنات اور زمین کی تخلیق کا بیان ہے‘ کہ ہاں کہ رحم کے اندر انسانی بیج کیسے قرار پکڑتا ہے۔ بعض بیج کچھ مراحل طے کرنے کے بعد ضائع ہوجاتے ہیں۔
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.
جہاں کلیک کریں