ریلوے کی بربادی کے ذمہ دار یہ بھی ہیں
ـ 29 جنوری ، 2012
مکرمی! ریلوے کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے میں جہاں بیورو کریٹس نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، وہاں ریلوے، پولیس اور ٹکٹ چیکرز (ایس ٹی) بھی پیچھے نہیں رہے، لاہور نارووال اور سیالکوٹ سٹیشنوں پر چلنے والی مسافر ٹرینوں میں ریلوے پولیس ٹکٹ چیکرز اور گارڈز حضرات ان مسافروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور انہیں سیٹ خالی کروا کر دی جاتی ہے جو بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہیں اور انہیں کرایہ دیتے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ لاہور ریلوے سٹیشن کے برانچ لائنوں کے ٹکٹ گھروں کے باہر ٹکٹ چیکرز اور ریلوے ریلوے پولیس کا عملہ مسافروں کو ٹکٹ نہ خریدنے کی ترغیب دیتا ہے اور پھر ٹرین جس سٹیشن پر کھڑی ہوتی ہے، ٹکٹ چیکرز اور پولیس اہلکار دوڑ کر ٹکٹ گھر کا رُخ کرتے ہیں اور جو مسافر لائن میں ہوتے ہیں، انہیں مطمئن کیا جاتا ہے کہ آرام سے ٹرین میں بیٹھو، بغیر جرمانہ کے ٹکٹ کا کرایہ لیا جائے گا، اس طرح یہ لوگ روزانہ ہزاروں اربوں کی دہاڑی لگاتے ہیں، اس میں متعلقہ سٹیشنوں کا عملہ بھی ملوث ہوتا ہے، وہ ٹکٹ گھر عین اس وقت کھولتے ہیںجب ٹرین آنے میں چند منٹ رہتے ہیں، اس طرح مسافروں کی اکثریت مجبوراً بغیر ٹکٹ سفر کرنے پر مجبور ہوتی ہے۔اس پر ایکشن کون لے گا؟(قمرگولاٹی، نارنگ منڈی ضلع شیخوپورہ)
اپنے بارے میں سوچا کریں!
مکرمی! جس گھر میں آپ رہتے ہیں، اس کو کبھی کبھی باہر سے بھی دیکھا کریں، ایک وقت آئے گا کہ آپ اس گھر سے رخصت ہو جائیں گے، تب لوگ آپ کے گھر کے پاس سے گزرتے ہوئے آپ کے بارے میں سوچا کریں گے، یا باتیں کریں گے یا تبصرہ کریں گے۔ وہ سوچ، وہ باتیں، وہ تبصرے کیا ہوں گے، اس کا ادراک آپ کو آج ہونا چاہیے، جب آپ اپنے گھر سے باہر کھڑے ہو کر غور سے اپنے گھر کو دیکھیں گے تو آپ کو احساس ہو گا کہ آپ ایک اجنبی ہیں۔ آپ اس گھر میں نہیں ہیں، تب آپ کے احساس کا ناطہ مستقبل کے ساتھ جڑ جائے گا اور آپ کو ایک عجب تاثر ملے گا۔(تنویر ظہور، لاہور)
دنیا کی لذت
مکرمی! وقت آگیا ہے کہ ہم گیس بجلی کا واویلا کم کریں اور اپنے رہن سہن میں تبدیلی لا کر اپنی چادر میں رہنے سے لطف اندوز ہوں۔ تھوڑے فاصلوں پر جانے کےلئے سائیکل رکھیں۔ گیزر کو ذہن سے ہی خارج کر دیں کہ ابھی چالیس پچاس سال پہلے پڑھے لکھوں کو بھی اسکا نام تک نہ آتا تھا۔ گرم پانی حاصل کرنے کےلئے اس سے کہیں سستے اور بہتر طریقے ہیں۔ گیس ہیٹر وغیرہ کو بھول ہی جائیں کہ اب گرم لباس سب کو میسر ہے اور گیس جلنے سے صحتمند ماحول نہیں رہتا۔ باشعور ہونا دولت مند ہونے سے کہیں خوبصورت مقام ہے۔(معین الحق .... 042-35164587)
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.
جہاں کلیک کریں