اپنے حقوق کی پہچان!

ـ 28 جنوری ، 2012
مکرمی !موجودہ حکومت نے اپنے 4 سالہ دور اقتدار میں عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے بے شمار بحران کا تحفہ دیا ہے۔ غریب آدمی کے لئے روٹی کمانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ دوسری طرف ہوشربا مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ مہنگائی لاقانونیت، بدنظمی،اقربا پروری، رشوت ستانی، بجلی و گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ، ریلوے پی آئی اے، واپڈا اور سٹیل مل جیسے منافع بخش اداروں کی بربادی کے خلاف پوری قوم سراپا احتجاج ہے لیکن جب تک پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی نہیں ہو گی اس وقت تک اسے اس کا جائز حق نہیں مل سکتا۔ ویسے بھی جو قومیں اپنے حق کو بھول جاتی ہیں تاریخ بھی ایسی قوموں کو یاد نہیں رکھتی۔ وہ قومیں بھی تباہ ہو جایا کرتی ہیں جو اجتماعی سوچ کی بجائے انفرادی سوچ رکھتی ہیں ہر کسی کو اپنے حق کی پہچان کرنی چاہئے۔ (گلزار ملک فیض باغ)
خدمت کیلئے عہدے ضروری نہیں
مکرمی !ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ا ور ان کے لیڈر ملک کی حالت بدلنے کے دعوے دار ہیں۔ اپنے آپ کو بے لوث کہتے ہیں۔ مقصد سب کا ایک ہے۔ صرف وطن کے لئے سب کچھ کرنا چاہتے ہیں تو پھر اقتدار کے منتظر کیوں ہیں؟ یہ بات سمجھ نہیں آتی۔ جو کچھ وہ اچھا کرنا چاہتے ہیں اس سے کس نے ان کو روک رکھا ہے؟ ہمارے ملک میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جن کے پاس نہ حکومت ہے نہ وہ لیڈر ہیں لیکن وہ پاکستانی معاشرہ کی فلاح و بہبود کےلئے بہت کام کرتے ہیں۔ ایدھی صاحب وزیراعظم ہیں؟ لیڈر ہیں؟ یا حکمران ہیں؟ خود عمران خان صاحب کے شوکت خانم ہسپتال کو فنڈز مہیا کرنے والے کہاں کے حکمران ہیں؟ کہاں کے لیڈر ہیں؟ عام لوگ ہیں بے نامی بھی اپنے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ (ماجد علی شاہ 302 اقبال ایونیو جوہر ٹاﺅن لاہور)
خادم اعلیٰ کی آگاہی کیلئے
مکرمی!حکومت پاکستان نے فنانس ڈویژن مطابق چھٹی مورخہ16 مئی 2011ءتمام پنشنرز کو COST OF LIVING ALLOWANCE کے طور پر 7½ فیصد پنشن میں اضافہ کی رعایت دے دی ہے۔ اس فیصلے پر صوبہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ نے بھی عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو یہ سہولت مہیا کر دی ہے تعجب اور دکھ کی بات ہے کہ صوبہ پنجاب نے اپنے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح کیلئے تاحال اقدام نہیں کئے۔ وزیراعلیٰ اصلاح احوال کیلئے اقدامات کریں۔ (شیخ آفتاب احمد ،سینئر سٹیزن فاﺅنڈیشن آف پاکستان گلشن راوی لاہور)
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں