نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی تشویشناک!

ـ 2 فروری ، 2012
مکرمی! نائن الیون کے بعد امریکہ نے افغانستان کے خلاف فوجی کارروائی کی تو پاکستانی حکومت نے نیٹو افواج کے لیے پاکستان کا سمندر فضا زمین، ہوائی اڈے اور لاجسٹک سپورٹ کے طور پر اپنے تمام اداروں کی قوت پیش کر دی، جس کے نتیجے میں ہماری معیشت تباہ ہو گئی، قوم کا مورال ڈاﺅن ہوا، خود کش حملوں میں اَن گنت شہری مارے گئے، قوم اور افواج پاکستان کا وقار مجروح ہوا، عافیہ صدیقی سمیت کئی پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کر دیا گیا، سلالہ چیک پوسٹ پر امریکی افواج کی جارحیت کے خلاف سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر قوم نے سکھ کا سانس لیا، قومی سلامتی کونسل کی کارروائی کی روشنی میں اب پارلیمنٹ کے سہارے نیٹو افواج کیلئے سپلائی کی بحالی کی خبروں پر قوم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، یاد رکھیں ایسا کرنے سے ملکی سالمیت، وقار اور آبرو مجروح ہو گا اور قوم حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو گی۔(چیئر مین و اراکین دفاع پاکستان کونسل)
خادم پنجاب ایم این اے کے ظلم سے نجات لائیں
مکرمی! سائلہ کا ٹرک نمبرRIH8906 ماڈل 1979ءمورخہ 19-09-10 کو چوری ہوا جوکہ سائلہ کا واحد ذریعہ آمدن تھا جس کی بابت سائلہ نے FIR نمبری614 زیر دفعہ 381/A تھانہ بھلوال میں درج کروائی مگر MNA ندیم افضل چن صاحب کی ملزمان کو حمایت حاصل تھی جس کی وجہ سے ملزمان کو پکڑے جانے کے باوجود چھوڑ دیا گیا اور سائلہ تقریباً ایک سال تک تھانہ میں اور کبھی S.P صاحب کے دفتر اور کبھی DPO سرگودھا صاحب کے دفتر کے چکر لگا لگا کر ذلیل ہوتی رہی مگر ہر جگہ پر MNA صاحب ملزمان کی سفارش کیلئے پہنچ جاتے اور سرعام سائلہ اور اسکے عزیز و اقارب کو دھمکیاں دیتے کہ تم لوگ چاہے جتنا مرضی بھاگ لو ہو گا پھر بھی وہی جو ہم چاہیں گے اور کہ بالآخر MNA صاحب کے دباو کی وجہ سے پولیس مقامی تھانہ بھلوال والوں نے سائلہ کا مقدمہ خارج کر دیا۔ یہ ظلم میاں شہباز شریف کے صوبے میں ہو رہا ہے۔ ان سے ہی اپیل ہے کہ اس ظلم سے نجات دلائی جائے۔( نواب بی بی بیوہ دین محمد قوم شمسی راجپوت ساکن اقبال کالونی تحصیل بھلوال ضلع سرگودھا0300-6062279)
یہ انسان ہوتے ہیں
مکرمی! جو ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں‘ خیال رکھتے ہیں محبت و احترام رکھتے ہیں۔ والدین کی خدمت کرتے ہیں۔ غریبوں‘ یتیموں کی مدد کرتے ہیں‘ عورتوں کی عزت کرتے ہیں‘ سچ بولتے ہیں‘ دیانتداری اور انصاف سے کام لیتے ہیں۔ ملکی آئین اور قانون کی پابندی کرتے ہیں۔ قانون کی عملداری کو یقینی اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ اپنا دین و ایمان قائم رکھتے ہیں۔وہ مسلمان ہوتے ہیں‘ وہ انسان ہوتے ہیں۔
(رانا احتشام ربانیپوسٹ بکس نمبر01 جی پی او اوکاڑہ فون: 0300-9424927 )
لیکچرز اسسٹنٹس کی خادم پنجاب سے استدعا
مکرمی! آج کے ماڈرن دور میں لیکچرر اسسٹنٹس میل/ فی میل کالجز ونگ پنجاب میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کہ لیکچرر اسسٹنٹس کی اکثریت گریجویٹ/ پوسٹ گریجویٹ/ بی ایڈ/ ایم ایڈ ہونے کے باوجود آج تک اپنے ترقیاتی مدارج / سروس سٹرکچر/ پروموشن چینل سے محروم ہیں۔ آئین پاکستان ہر پاکستانی شہری کو سرکاری ملازمت میں پروموشن کا حق دیتا ہے لیکن لیکچرر اسسٹنٹس گریڈ 7 تا 10 میں اپنی ملازمت سے ریٹائر ہو جاتا ہے۔ گزارش ہے کہ ان کے لئے 4 درجاتی گریڈ 7 تا 16 منظور کیا جائے۔
(محمد شہباز خان لیکچرر اسسٹنٹ گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ)
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں