اب تو کوئی اچھی روائت؟

ریاض الرحمن ساغر ـ 17 مارچ ، 2009
بدل دو اب یہ اندازِ حکومت
کرو رائج کوئی اچھی روائت
پنپنے دو یہاں جمہوریت کو
کسی بھی آمرانہ شخصیت کو
نہ موقع دو کہ وہ آکر اچانک
نظامِ ملک کو کردے بھیانک
سیاست داں بھی اپنے طور بدلیں
جو کچھ بہتر ہیں خود کو اور بدلیں
کریں سب فیصلے ایواں کے اندر
یہاں آئین ہو بالا وبرتر
بڑا کردار ہی پائے بڑائی
ہو حاصل نیک دل کی رہنمائی
کرو اب ختم سڑکوں پر لڑائی
نہ ہو دنیا میں اپنی جگ ہنسائی
سبق ماضی سے کچھ تو آج سیکھیں
کیا جاتا ہے کیسے راج سیکھیں
کہ فردا ہو ہمارا پھر حسیں تر
نئی نسلوں کا بھی بدلے مقدر
اگر باہم یونہی لڑتے رہے ہم
تو پھر امید بہتر کل کی ہے کم
خدارا باز آئو کچھ تو سوچو
گریباں ایک دوجے کا نہ نوچو
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں