جناب صدر ۔۔ پوری طاقت؟

ریاض الرحمن ساغر ـ 17 جنوری ، 2011
ہوں قوانین جو رائج اچھے
سامنے آئیں نتائج اچھے
ملک کے صدر کی ذمہ داری
صرف اعلان نہیں سرکاری
ملکی معاملات پہ وہ رکھیں نظر
تھوڑا ساریل میں بھی کریں سفر
عام انسان کا جینا دیکھیں
خون کو بنتا پسینہ دیکھیں
سمجھیں مزدور کا دہقان کا دکھ
جس کو ملتا نہیں کوئی بھی سکھ
جن کا سیلاب میں اسباب بہا
ان میں اکثر کو نہیں کچھ بھی ملا
جابجا پھرتے ہیں دھکے کھاتے
کوئی گھر ہوتا تو گھر کو جاتے
ہے کہاں صدر کی پوری طاقت؟
اس طرح ہوتی ہے قومی خدمت؟
آپ آگاہ بھی ہیں مشکل سے
کرنا بھی چاہتے ہیں کچھ دل سے
آپ کے سینے میں ہے دل بھی بڑا
پھر بھی یہ ملک ہے دلدل میں گڑا
کچھ نہیں کرتے وزیراعظم
ناک میں آیا معیشت کا دم
کس طرح ہو گی بھلا مستحکم؟
حکمراں سب جو لڑیں گے باہم
صدر اب اپنی دکھائیں طاقت
لائیں اس ملک میں اپنی دولت
جیب میں نوٹ ہیں پھر کیوں چھاپیں
آگ ہم اپنی ہی کیوں نہ تاپیں؟
ملک امریکہ کا محتاج نہ ہو
یہاں ”اوباما“ مہاراج نہ ہو
وہ بھی زرداری کی طاقت دیکھے
ایک مضبوط حکومت دیکھے
یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں