لاہور + صوابی (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دسمبر تک اگر حکومت لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں ناکام رہی تو پھر تمام مسائل کا حل مڈٹرم انتخابات ہی ہو گا‘ پرویز مشرف کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی ہو گئی تو آئندہ کسی آمر کو اقتدار پر شب خون مارنے کی جرأت نہ ہو گی‘ پارلیمنٹ کی کارکردگی صفر ہے‘ طاقت بھی اس کے پاس نہیں بلکہ ایوان صدر کے پاس ہے‘جب تک حکمران امریکہ اور برطانیہ کی خواہش کے مطابق پالیسیاں بناتے رہے گے ملک کبھی آزاد نہیں ہو سکتا۔ وہ یہاں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ پرویز مشرف کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ حکمران امریکہ کی جھولی میں بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کا مقصد صرف اپنے اقتدار کو بچانا ہے ملک رہے یا نہ حکمرانوں کو اس بات کی کوئی فکر نہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان نے متاثرین مالاکنڈ سمیت صوبہ سرحد کے تمام متاثرین کے حقوق کے حصول کے لئے عملی جنگ لڑنے کا اعلان کر تے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مالاکنڈ ایجنسی کو آئی ڈی پیز پراجیکٹ میں فوری طور پر شامل کیا جائے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف سرحد کے صدر اسد قیصر کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ مالاکنڈ آپریشن اور متاثرین کے حقوق کے لئے پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے رٹ دائر کر نے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا عمران خان نے مطالبہ کیا کہ مالاکنڈ ایجنسی میں متاثرین کی آبادکاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ایک سال کے لئے تمام یوٹیلیٹی بلز اور طلبا کی فیس معاف کی جائے تیس ہزار نوجوانوں کو روز گار دیا جائے بلا سود قرضے دئیے جائیں امدادی رقم 5لاکھ روپے تک ادا کی جائے۔
Post New Comment