اورکزئی ایجنسی + مہمند ایجنسی + سوات (نامہ نگار + ایجنسیاں) اپر اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 شدت پسند جاںبحق اور ان کے 4 ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ماموں زئی غجو کے قریب شدت پسندوں کے مختلف ٹھکانوں پر فورسز نے بھاری توپ خانے سے گولہ باری کی‘ 4 شدت پسند زخمی بھی ہو گئے۔ تحصیل صافی میں دو جنگی پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے‘ گھر پر گولہ گرنے سے 2 خواتین سمیت 3 بچے زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف سہ پہر کے وقت پاکستانی گن شپ ہیلی کاپٹر نے تحصیل بائنیزئی کے مختلف علاقوں شندرہ‘ شمشاد اور جڑوبی درہ میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر شیلنگ کی۔ ادھر سوات میں آپریشن کمانڈر کرنل وحید جان نے روپوش ہونے والے شدت پسندوں کو عید سے پہلے ہتھیار ڈالنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔ ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سوات میں آپریشن کمانڈر کرنل وحید جان نے کہا ہے کہ شدت پسند ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ پاک فوج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھے گی۔ خیبر ایجنسی باڑہ میں عسکریت پسندوں نے باڑہ پتھرا روڈ پر واقع رابطہ پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا‘ لنڈی کوتل میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران نیٹو کے 4 چوری شدہ کنٹینرز برآمد کر لئے۔ ادھر مہمند ایجنسی کے سرحدی علاقہ بائیزئی سب ڈویژن میں سرچ آپریشن کے دوران مزید پندرہ گھر مسمار کر دئیے گئے۔
Post New Comment