لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرا جینا مرنا غریب اور مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ ہے اور کوئی طاقت مجھے پاکستان کے عوام سے جُدا نہیں کر سکتی جن علاقوں میں پانی اتر گیا ہے وہاں حکومت پنجاب نے سروے کا آغاز کر دیا ہے جس کی تکمیل کے فوراً بعد متاثرین سیلاب کو 20ہزار روپے فی خاندان ادا کر دئیے جائیں گے، سیلاب زدگان کی امداد کیلئے فنڈ کی فراہمی کے سلسلے مےں وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستان کے وسائل پر پاکستان کے مصیبت زدہ عوام کا حق نہیں تو پھر یہ وسائل بے فائدہ ہیں، پنجاب کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں مجھے ہر جگہ اپنے ساتھ پائیں گے، میں نے لاہور یا اسلام آباد میں بیٹھ کر آپ کا حال نہیں پوچھا بلکہ سیلاب زدہ علاقوں میں چپے چپے پر خود جا رہا ہوں ، متاثرہ علاقوں میں ملیریا کی روک تھام کیلئے ایک لاکھ مچھر دانیاں تقسیم کی جائینگی۔ متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے ایسا شفاف نظام اپنایا جائے جس سے ہر مستحق کو اس کا حق مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جنوبی پنجاب کے دورہ کے دوران روہیلانوالی میں متاثرین سیلاب سے خطاب اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کےا وزیراعلیٰ سے ممبر صوبائی اسمبلی شیخ ممتاز احمد نے ملاقات کی اور متاثرین کی امداد کیلئے ریلیف فنڈ میں 5لاکھ روپے کا چیک دیا۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ جب تک یہ مشکل وقت گزر نہیں جاتا میں آپ کے ساتھ رہوں گا، آج ہم سب ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور ہم سب کو اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنا چاہئے، سب سے پہلے حکمرانوں کو اور اس کے بعد عوام کو۔ 25ایکڑ تک کے جن کاشتکاروں کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں ان کو حکومت کی طرف سے کھاد اور بیج مفت فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔ سیلاب زدہ علاقے کے لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں ہر یونین کونسل میں صاف پانی کی فراہمی کی غرض سے ایک پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیشتر ازیں وزیراعلیٰ نے ملتان میں متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب گزرنے کے بعد انتظامیہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور متعلقہ سیکرٹریز اور افسران متاثرین کی آبادکاری اور انہیں صاف پانی کی فراہمی تک سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش سپرے کے انتظامات 48گھنٹے میں مکمل کر لئے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی صدارت میں اجلاس میں سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی اور ان کی بحالی کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ نادرا کو دریائے سندھ سے متاثر ہونے والے موضعات کا ڈیٹا فوری فراہم کر دیا جائے جبکہ دریائے چناب سے متاثر ہونے والے موضعات کا ڈیٹا بھی جلدازجلد حاصل کرکے نادرا کے حوالے کر دیا جائے۔ دریائے چناب سے متاثر ہونے والے موضعات کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر علیحدہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔ جن علاقوں میں پانی اتر رہا ہے وہاں صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے اور اس ضمن میں جامع پلان مرتب کیا جائے اور مختلف محکموں کے سیکرٹری حضرات بھی اس ضمن میں سیکرٹری صحت کی معاونت کریں۔
Post New Comment