بیجنگ (ایجنسیاں) چین نے سیلاب متاثرین کیلئے مزید90ملین ڈالر امداد اور میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب سے مزید امداد پاکستان پہنچ گئی۔ آسٹریا حکومت نے بھی 5.6ملین یورو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے امریکی سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی تعمیر نو کیلئے سرمایہ کاری کریں۔ مفتی اعظم مصر نے کہا کہ مسلم اُمہ پاکستان کی مدد کیلئے آگے بڑھے۔ جرمنی سے 3لاکھ مالیت کا فلٹریشن پلانٹ پاکستان پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق چین کے نائب وزیر تجارت چونگ کوان نے بیجنگ میں پاکستانی سفیر مسعود خان سے ملاقات کی اور کہاکہ پاک چائنہ برادرانہ تعلقات کے پیش نظر ہم پاکستانیوں بھائیوں کی امداد دگنی کر رہے ہیں۔ چینی نائب وزیر نے بتایا کہ چین کی ایک میڈیکل ٹیم آئندہ دو روز میں پاکستان جا رہی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستانی سفیر مسعود خان سے ملاقات کی اور تنظیم کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد دگنا کر دی ہے برطانیہ نے 64بلین پاﺅنڈ یعنی 8.1ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشن کے ذرائع کے مطابق برطانیہ نے امدادی سامان کے پانچ طیارے پاکستان پہنچائے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق جرمنی سے 3لاکھ یورو مالیت کا واٹر فلٹریشن پلانٹ بدھ کو پاکستان پہنچ گیا، جسے نوشہرہ میں نصب کیا جائے گا، اس پلانٹ سے 15متاثرہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہو گا۔ مصر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب نے اسلامی دنیا سے اپیل کی ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے شکار پاکستان کی مدد کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی بھائیوں کی مدد ہماری اسلامی ذمہ داری ہے۔
Post New Comment