لاہور/ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے مارشل لاءکی حمایت میں دئیے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا ازخود نوٹس لیکر الطاف حسین کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرےں۔ بار نے سیالکوٹ میں جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کے لواحقین کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ لاہور ہائیکورٹ بارکے سیکرٹری بابر مرتضیٰ اور فنانس سیکرٹری ساجد حنیف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا وکلاءایسے بیانات کی ہمیشہ مذمت کرتے رہے ہیں اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو ایک مرتبہ پھر ملک بھر کے وکلاءتحریک چلانے کے لیے تیار ہیں۔ اے پی پی کے مطابق ملک بھر کے وکلا کی نمائندہ پاکستان بار کونسل نے کہا الطاف کے بیان کے تناظر میں جوابی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، پاکستان بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد یاسین آزاد نے کہا ہم کسی ایسے شخص کی حمایت نہیں کر سکتے جو مارشل لاءکی حمایت کرے۔ انہوں نے کہا پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کیلئے میں نے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی سے بات کی تھی اور جلد یہ اجلاس بلایا جائے گا۔
Post New Comment