اسلام آباد (ریڈیو نیوز + ثناءنیوز + اے این این) مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے ایم کیو ایم کی تحریک استحقاق کا سامنا کرنے کو تیار ہیں‘ احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا اگر ایم کیو ایم کو لگتا ہے کہ استحقاق مجروح ہوا ہے تو سامنا کرنے کو تیار ہیں نواز شریف دس سال سے جمہوریت کی جدوجہد کر رہے ہیں سپریم کورٹ پہلے ہی سارے الزامات رد کر چکی ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق انہوں نے مطالبہ کیا فوج کی اعلیٰ قیادت کو چاہئے کہ وہ الطاف حسین کو ”شٹ اپ کال“ دے تاکہ کوئی فوج کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کرے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا خود فوج کو بھی الطاف حسین کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے۔ الطاف نے فوج کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا فوج ”نو کمنٹس“ کا سہارا نہ لے۔ فوج نے جس طرح کیری لوگر بل پر اپنے واضح موقف سے قوم کو آگاہ کیا تھا اسی طرح فوجی قیادت مارشل لا کے حوالے سے الطاف حسین کے بیان کا نوٹس لے۔ اے این این کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما صدیق الفاروق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم سمیت ملک کے اندر موجود تمام خرابیاں مارشل لاءاور آمروں کی پیداوار ہیں، متحدہ کو آئین اور قانون کی حکمرانی راس نہیں آتی، مسلم لیگ (ن) کیخلاف تحاریک استحقاق فاﺅل پلے کا حصہ ہیں، کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان میں مارشل لاءکی دعوت دینے کا حق نہیں، نوازشریف کی پرویز مشرف کے ساتھ ڈیل کے دعوے کا جواب جلد آ جائیگا، ایم کیو ایم کی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں، شہباز شریف اور چودھری نثار نے آرمی چیف سے کوئی خفیہ ملاقات نہیں کی، ڈیفنس سروسز کے حکام سے ملاقات کسی بھی وزیر اعلیٰ کا حق ہے۔
Post New Comment