لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک حرمت رسول پاکستان کے زیر انتظام فلوریڈا کے چرچ کی جانب سے (نعوذباللہ) قرآن پاک جلانے کے اعلان اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے‘ تحفظ حرمت رسول کے حوالہ سے سحر و افطار پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی‘ جلسوں اور حرمت رسول کانفرنسوں کا بھی اہتمام کیا گیا جن سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر خاموشی اختیار کرنا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کے حکمران و عوام قرآن پاک اور نبی اکرم کی حرمت کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دیں۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں مولانا امیر حمزہ نے افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اللہ کے عذاب سے ڈریں اسلام و نظریہ پاکستان کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دیں۔ صلیبی و یہودی بار بار قرآن پاک اور نبی کریم کی شان میں گستاخیاں کر رہے ہیں مگر حکمرانوں کی طرف سے وہ کردار دیکھنے میں نہیں آ رہا جو انہیں ادا کرنا چاہئے۔ قاری محمد یعقوب شیخ نے مریدکے میں بعد نماز فجر ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو متحد و بیدار ہو کر کفار کی ناپاک حرکتوں کا جواب دینا چاہئے۔ تحفظ حرمت رسول کی تحریک میں ہر مسلمان کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہئے۔ بہاولپور میں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو متحد و بیدار ہو کر اسلام دشمنوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، حافظ آباد، قصور، بہاولپور، ہزارہ، مظفر آباد، کراچی و دیگر شہروں میں سحر و افطار پروگرام، جلسوں اور حرمت رسول کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی‘ جن سے حافظ سیف اللہ منصور، مولانا محمد یوسف خالد، مفتی عبدالرحمن مکی، عابد، نصر جاوید، کرنل (ر) نذیر احمد، خالد یوسف السلام، مولانا عبدالعزیز مدنی، حافظ سیف اللہ اعظم، مولانا محمد یوسف ربانی، مولانا محمد اکرم ربانی و دیگر نے خطاب کیا۔
Post New Comment