لاہور (خصوصی نامہ نگار) فیس بک پر قرآن مجید کی (نعوذ باللہ) گستاخی اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف دینی و سیاسی جماعتوں کا احتجاج جاری رہا۔ تحریک حرمت رسول کے پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں جلسے، سیمینارز اور حرمت رسول کانفرنسیں، فیس بک پر پابندی کیلئے ملک بھر میں تحریک چلائی جائیگی۔ الحمدیہ سٹوڈنٹس نے فیس بک کے بائیکاٹ کیلئے تعلیمی اداروں میں مہم کا آغاز کردیا۔ جلسوں و کانفرنسوں کے شرکاءنے اعلیٰ عدالتوں سے فیس بک پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریک حرمت رسول کی طرف سے لاہور، شیخوپورہ، نارووال، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ملتان، وہاڑی، ایبٹ آباد، کراچی، حیدر آباد اور کوئٹہ میں جلسوں اور حرمت رسول کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جس میں شمع رسالت کے پروانوں نے جوق در جوق شرکت کی اور گستاخ ملکوں کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فیس بک اور یو ٹیوب جیسی ویب سائٹوں پر مستقل پابندی کا مطالبہ کیا گیا۔ اوکاڑہ اور ملتان میں بڑی حرمت رسول کانفرنسوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک حرمت رسول کے رہنماﺅں مولانا عبدالعزیز مدنی، قاری احمد سعید ملتان، حافظ سیف اللہ اعظم، قاری گلزار احمد، حافظ عبداللہ حنیف و دیگر نے خطاب میں کہا کہ فیس بک پر ہٹلر اور نازیوں کے نام سے پیج نہیں بنایا جا سکتا تو قرآن پاک اور نبی اکرم کی شانِ اقدس میں گستاخیوں کی کھلی اجازت کیوں ہے؟ مسلمانوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ یہودی و صلیبی آزادی اظہار رائے کے نام پر مذموم سازشیں خود منظم منصوبہ بندی کے تحت کررہے ہیں۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں کے طلبہ سمیت شرکاءکی بڑی تعداد نے فیس بک کے بائیکاٹ اور محمدی کلچر اپنانے کا عہد کیا۔ شیخوپورہ میں مرکزی جامع مسجد ورکاں والی میں مفتی محمد سعید، جامع مسجد اہلحدیث اعوان بھٹیاں میں حافظ عبدالغفار المدنی، مولانا عبدالستار حقانی، مرکزی جامع مسجد فیروز وٹواں میں مولانا احتشام الحق، حافظ طلحہ سعید و دیگر نے توہین آمیز خاکوں کیخلاف اجتماعات سے خطاب کیا۔ کراچی میں الشیخ محمد یحییٰ بھٹی، مولانا محمد یوسف طیبی، انجینئر نوید قمر، ایبٹ آباد میں مولانا ابوحفص، وہاڑی میں مولانا محمد یونس قصوری، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مولانا احتشام الحق، حافظ محمد اکرم، مولانا اکرم ربانی، حافظ آباد میں مولانا بشیر احمد خاکی، مولانا محمد یوسف کشمیری، دھیر کوٹ سیالکوٹ میں مولانا غلام قادر سبحانی نے فیس بک پر قرآن پاک کی گستاخی کا ویب پیج بنانے اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف اجتماعات سے خطاب کیا۔ تحریک حرمت رسول پاکستان کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، حافظ سیف اللہ منصور اور خالد سیف الاسلام نے لاہور اور سیالکوٹ میں حرمت رسول کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیس بک پر یہودیوں کی طرف سے قرآن پاک کی گستاخی نے مسلمانوں کے زخم ایک بار پھر ہرے کردئیے ہیں۔ امت مسلمہ متحد و بیدار ہوجائے اور فیس بک کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔
Post New Comment