راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ میں غیر قانونی طور پر قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ کو رہائی دلانے کے لئے موثر اقدامات نہیں کئے۔ قوم کی اس بیٹی کی رہائی کے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ وکلا برادری نے جس طرح عدلیہ کی بحالی اور آزادی کے لئے تحریک چلائی اس طرح عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ حجاج بن یوسف ظالم حکمران تھا لیکن اس نے ایک مظلوم مسلمان بیٹی کی مدد کے لئے محمد بن قاسم کو ہندوستان بھیجا تھا۔ ہم بھی اس انتظار میں ہیں کہ کوئی محمد بن قاسم اٹھے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے نجات دلائے۔ وہ گذشتہ روز یہاں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ جس میں امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی غیر قانونی گرفتاری اور یکطرفہ ٹرائل کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہر طرح کے سفارتی ذرائع استعمال کرے تاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی مل سکے۔ بصورت دیگر وکلا برادری تحریک چلائے گی۔
Post New Comment