واشنگٹن (آن لائن) امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا رابرٹ بلیک نے کہا ہے پاکستان سے اچھے تعلقات بھارت اور امریکہ کے بہترین مفاد میں ہیں۔ حال ہی میں ہلیری کلنٹن کے ساتھ بھارت کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ بلیک نے کہا امریکی وزیر خارجہ اور متعدد دیگر امریکی عہدیدار اس بات کو کئی بار دہرا چکے ہیں کہ پاکستان سے تعلقات ہمارے انتہائی مفاد میں ہیں اور پاکستان کو درپیش چیلنجز میں ہمیں اسلام آباد کی مدد کرنا چاہئے اگرچہ امریکہ اور بھارت دونوں کے پاکستان سے متعلق کچھ خدشات ہیں تاہم اس ملک کی اہمیت سے انکار نہیں ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ بھارت کے پاکستان سے متعلق کیا خدشات ہیں۔ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان ممبئی حملہ کے ملزموں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے اور اپنی سرزمین پر قائم دہشت گردی کے کیمپ ختم کر ے اور اس سے بڑھ کر پاکستان بھارت پر حملہ کرنےوالے دہشت گرد گروپوں کو اپنی سرزمین بطور پلیٹ فارم استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہ دے۔ اس طرح امریکہ کا بھی مفاد ہے کہ پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کےلئے استعمال نہ ہو۔ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے انکا کہنا تھا ایبٹ آباد آپریشن کے بعد سے مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے اور ہم نے ان میں مزید پیشرفت کےلئے متعدد تجاویز دی ہیں۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا یہ معاملہ عدالت میں ہے اور اس کا بہتر جواب محکمہ انصاف والے دے سکتے ہیں۔
رابرٹ بلیک
Post New Comment