تاجپورہ: جاپان پلٹ کے گھر ایک کروڑ کی ڈکیتی‘ ہربنس پورہ میں مزاحمت پر شہری قتل

حوالہ : (نامہ نگار) ـ 24 دسمبر ، 2008
  • Adjust Font Size
تاجپورہ: جاپان پلٹ کے گھر ایک کروڑ کی ڈکیتی‘ ہربنس پورہ میں مزاحمت پر شہری قتل

لاہور (نامہ نگار) غازی آباد کے علاقے تاجپورہ میں 4ڈاکو جاپان پلٹ نوجوان کے گھر سے ایک کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی‘ زیورات اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ دیگر علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران لاکھوں کی نقدی‘ زیورات‘ موبائل فونز‘ گاڑیاں‘ موٹرسائیکلیں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ مزاحمت پر ایک شہری کو قتل جبکہ 4کو زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ کے علاقہ عامر ٹائون میں 4ڈاکو عبدالرشید کے گھر داخل ہوئے اور ہزاروں مالیت کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹنے کے بعد مزاحمت کے بعد 5بچوں کے باپ عبدالرشید کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس ایک گھنٹہ کے بعد پہنچی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل نہیں ہوا یہ کوئی دشمنی ہوسکتی ہے۔ ہنجروال میں ڈاکوئوں نے شادی سے واپس جانے والے یونس اور صدیق سے ہزاروں روپے‘ موبائل اور موٹرسائیکل چھیننے کے بعد مزاحمت پر پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کردیا۔ غازی آباد کے علاقہ تاجپورہ میں رہائشی عبدالحمید کا بیٹا شکیل احمد جو دو روز قبل جاپان سے اپنی جاپانی بیوی کے ہمراہ پاکستان آیا تھا۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب 4ڈاکو اس کے گھر جالیاں کاٹ کر داخل ہوئے اور 50لاکھ مالیت ملکی و غیرملکی کرنسی‘ ڈیڑھ کلو طلائی زیورات اور لاکھوں مالیت کا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ شکیل احمد کے مطابق وہ جاپان سے بینک سے قرضہ لے کر پاکستان میں پلاٹ خریدنے اور کاروبار کرنے آیا تھا۔ پولیس کو متعدد بار کال کی اور موبائل میں لگے ٹریکر کی مدد سے ڈاکوئوں کی نشاندہی بھی کی مگر پولیس ڈاکوئو ںکو نہ پکڑ سکی اور موقع پر بھی تاخیر سے پہنچی۔ پولیس کے مطابق یہ کسی گھر والے کا کام لگتا ہے‘ حالات و واقعات مشکوک ہیں۔ جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔ ساندہ میں ڈاکوئوں نے ناظم کے گھر سے 6لاکھ کی نقدی و زیورات‘ ملت پارک میں فریاد سے 23ہزار اور موبائل‘ لوئرمال میں رشید سے 13ہزار اور موبائل چھین لیا۔ قلعہ گجر سنگھ اور شمالی چھائونی سے موٹرسائیکلیں‘ ماڈل ٹائون اور مصری شاہ سے کاریں چوری ہوگئیں۔ قلعہ گجر سنگھ میکلوڈ روڈ پر 2ڈاکوئوں نے عامر کے گھر گھس کر لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے عامر کو شدید زخمی کردیا۔ کسی نے 15پر پولیس کو کال کردی۔ پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو پکڑ لیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ پولیس گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے۔ شمالی چھائونی میں ڈاکوئوں نے شوکت علی سے نقدی اور موبائل چھیننے کے بعد مزاحمت پر گولی مارکر زخمی کردیا۔ شاہدرہ حاجی سعید سے 2لاکھ نقدی اور موبائل‘ ہربنس پورہ 72ہزار کی نقدی اور موبائل‘ فیصل ٹائون میں محمد انور سے 10ہزار اور موبائل‘ چوہنگ میں حیدر علی سے 14ہزار اور موبائل‘ فیصل ٹائون میں ذیشان سے 55ہزار اور دو موبائل‘ سول لائن میں غلام مصطفی 12ہزار اور موبائل‘ گلبرگ میں طلعت سے 60ہزار اور موبائل‘ شاہدرہ میں شیخ رفیق سے 46ہزار اور موبائل‘ مغلپورہ میں فہیم کے پی سی او سے 40ہزار مالیت کی نقدی‘ کالنگ کارڈ اور موبائل جبکہ جوہر ٹائون میں پولیس چوکی کے سامنے سے عرفان ہاشمی سے نقدی‘ موبائل اور موٹرسائیکل اور ستوکتلہ میں محمد خان سے 18ہزار‘ موبائل اور موٹرسائیکل ڈاکوئوں نے چھین لی۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions