اسلام آباد (ریڈیو نیوز+ ایجنسیاں) ملک کے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ امریکہ پاکستان پر نہیں بھارت پر اعتماد کرتا ہے، پاکستانی ایٹمی ہتھیاروں کے شدت پسندوں کے ہاتھوں میں جانے کے مغربی خدشات بے بنیاد ہیں، پرویز مشرف نے جھوٹ بول کر مجھے پھنسانے کی کوشش کی۔ بھارتی اخبار ایشین ایج کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ ایٹمی جنگ کی صورت میں پاکستان بھارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایٹمی جنگ ہوئی تو بھارت پاکستان کا کچھ بگاڑ سکتا سکتا ہے اور نہ ہی لاہور کو تباہ کرسکتا ہے۔ مسلمان قوم باتیں زیادہ اور کام کم کرتے ہیں‘ بھارت کو امریکہ کی جانب سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی فراہمی کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر نہیں بلکہ بھارت پر اعتماد کرتا ہے ‘ وہ یہ ٹیکنالوجی پاکستان سمیت کسی مسلمان ممالک کو نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی نئی دہلی اور آگرہ کو فتح نہیں کر سکتا لیکن بھارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں نے خفیہ ایٹمی مواد ایران یا کسی دوسرے ملک کو فراہم نہیں کیا۔ سابق صدر پرویز مشرف نے جھوٹ بول کر مجھے پھنسانے کی کوشش کی ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔
Post New Comment