لاہور، سرگودھا (اپنے نمائندے سے + نمائندہ نوائے وقت) پنجاب کے تعلیمی بورڈوں سے متعلق مالی معاملات و مسائل کے حل کےلئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات منظرعام نہ آنے سے بورڈوں مےں احتجاج جاری ہے جبکہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے کہا ہے کہ بلیک میل نہیں ہونگے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے میٹرک کے ریگولر طلباءو طالبات کی داخلہ و رجسٹریشن فیس مےں رعایت کے خوش آئند اقدام پر عمل درآمد کے غلط طریقہ کار کے خلاف ایمپلائز فیڈریشن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری سرگودھا، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان مےں مکمل طور پر پرامن احتجاج جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو تمام تعلیمی بورڈز کے ہزاروں ملازمین پنجاب اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے۔ اگر حکومت پنجاب نے جلد از جلد تمام تعلیمی بورڈز کو میٹرک کے ریگولر طلباءو طالبات کی داخلہ و رجسٹریشن فیس مےں رعایت کے عوض کوئی متبادل فنڈ یا گرانٹ جاری نہیں کی تو میٹرک کے 2010ءکے سالانہ امتحانات کا انعقاد خطرے مےں پڑ سکتا ہے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن احمد چیمہ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ ہم پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز مےں موجود یونینز نمائندوں یا کام نہ کرنے کی دھمکی دینے والے ملازمین سے بلیک میل ہر گز نہیں ہونگے اور گذشتہ روز اہم میٹنگ مےں اہم فیصلے کئے گئے ہےں۔ میٹرک کے امتحانات 13مارچ سے ہی ہونگے۔ لہٰذا ہم نے گذشتہ کئی دن سے متبادل انتظامات پر بھی ہوم ورک کیا ہوا تھا اور اب وقت آگیا ہے کہ ان سے کام لیا جائے۔بورڈ ملازمین کو پہلے ہی دیگر سرکاری ملازمین کے مقابلے مےں زیادہ مراعات حاصل ہےں، تنخواہ اور الاﺅنسز مےں اضافہ کا مطالبہ بلاجواز ہے، صوبائی وزیر تعلیم میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بھی کہا کہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہی ہونگے۔
Post New Comment