جمہوری وطن پارٹی اور جے یو پی (نفاذ شریعت) کا مشرف کیخلاف مشترکہ تحریک پر اتفاق

ـ 21 جولائی ، 2009
  • Adjust Font Size

لاہور (کلچرل رپورٹر+خبر نگار خصوصی) جمہوری وطن پارٹی اور جمعیت علمائے پاکستان (نفاذ شریعت) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف تحریک چلائیں گی۔ یہ تحریک بہت جلد لاہور سے شروع کی جائے گی‘ دیگر جماعتوں کو شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ یہ باتیں جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی رہنما اور نواب اکبر بگٹی کے پوتے شاہ زین بگٹی اور جمعیت علمائے پاکستان (نفاذ شریعت) کے سربراہ انجینئر سلیم اللہ نے مذاکرات کے بعد مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس میں بتائیں۔ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ اکبر بگٹی کا قاتل پرویز مشرف ہے ہم نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی بہت کوشش کی اب ہم سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی غلط بیانی کرتی ہے ہم نے نواب اکبر بگٹی کے قتل کی ایف آئی آر اور بلوچستان کے نوگو ایریا کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری سے بات کی مگر انہوں نے اس سلسلے میں کوئی ٹھوس بات نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بھی جمہوری وطن پارٹی کو منظم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکومت ان مسائل کی طرف توجہ دے۔ انجینئر سلیم اللہ نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر زرداری کو اخلاقاً استعفیٰ دے کر دبئی چلے جانا چاہئے۔ پاکستان کی قوم شیر اور اس کے حاکم گیدڑ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ دار امریکہ‘ انڈین طالبان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کی تحریک میں مسلک اہلسنت و الجماعت کا بہت بڑا کردار تھا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مڈل کلاس آگے نہیں آئے گی ملک میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔ زرداری مہربانی کرکے قوم کی جان چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف نواب اکبر بگٹی کا مقدمہ قتل درج کرکے پھانسی دی جائے۔ اس موقع پر صاحبزادہ مختار رضوی‘ میاں ارشد سلیم‘ زاہد چودھری‘ حافظ نوید اور مدنی بلوچ بھی موجود تھے۔دریں اثناء استقلال پارٹی کے چیئرمین سید منظور گیلانی سے ملاقات میں شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں نہ تو کوئی علیحدگی کی تحریک ہے اور نہ ہی پنجاب کے خلاف کوئی نفرت وہاں پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری فوجی آپریشن فی الفور بند کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر اغوا شدہ افراد کو رہا کیا جائے۔ منظور گیلانی نے کہا کہ ہم ہر اس شخصیت اور سیاسی قوت کا ساتھ دیں گے جو بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے استحکام اور ترقی کی بات کرے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions