لاہور (خبرنگار خصوصی/ کامرس رپورٹر/ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان صرف اشرافیہ کا ہی نہیں بلکہ 17 کروڑ عوام کا ملک ہے اور اس میں بسنے والے تمام شہریوں کا اس پر مساوی حق ہے۔ پنجاب میں ہر شہری کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ وطن عزیز لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا لیکن 63 سال گزرنے کے باوجود آج بھی اسے قائد اعظم اور شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے تصورات کے مطابق نہیں ڈھالا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے پڑھے لکھے پنجاب کے نام پر اس قوم کے کروڑوں روپے ذاتی تشہیر پر تو ضرور ضائع کئے لیکن عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کی کبھی بات نہیں کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے صدرگوگیرہ میں 5300 خاندانوں کو پلاٹوں کے مالکانہ حقوق دے کر یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ ملک پر ایک طبقے کا نہیں بلکہ 17 کروڑ عوام کا بھی حق ہے۔وہ ضلع اوکاڑہ کے گاﺅں گوگیرہ میں کلیانہ سٹیٹ کے 5300 مزارعین میں دس دس مرلہ پلاٹوں کے مالکانہ حقوق کے کاغذات کی تقسیم کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر محنت اشرف سوہنا ‘ صوبائی وزیرزراعت احمد علی اولکھ‘ ارکان صوبائی اسمبلی چودھری ندیم عباس ربیرہ ‘ سید رضا گیلانی ‘ رائے فاروق عمر‘میاں یاور زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کے دوران گوگیرہ کے جفاکش لوگوں کو ان کی محنت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ باہمت لوگ تپتی دھوپ اور سردی میں بھی پاکستان کے 17کروڑ عوام کے لئے غلہ پیدا کرتے ہیں اور خود ان کے پاس رہنے کے لئے چھت تک نہیں ہے‘ موجودہ حکومت ان لوگوں کے دکھوں‘ تکالیف اور مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ہم ان محنت کشوں کے مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے اس وقت کے حکمران نے پڑھے لکھے پنجاب کے نام پر کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر خرچ کئے لیکن آپ پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹنے کے باوجود نہ تو آپ کے سروں پر دست شفقت رکھنا اور نہ ہی اسے ایک اس ظلم کے خلاف محض ایک بیان بھی جاری کرنے کی توفیق ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کلیانہ سٹیٹ کے کسانوں کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں چودھری ندیم عباس ربیرہ اور میاں یاور زمان کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے علاقے کے عوام کو مالکانہ حقوق دیئے ہیں اور ان کو مکان بنانے کے لئے وسائل بھی فراہم کریں گے۔ کلیانہ سٹیٹ کے 5 ہزار 300 کسان خاندانوں کو دس دس مرلے کے پلاٹ حکومت پنجاب کی جانب سے بلامعاوضہ دیئے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ملٹری ڈیری فارم رینالہ اور اوکاڑہ گئے جہاں پر کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل زاہد حسین اور میجر جنرل محمد علی نے ان کا استقبال کیا اور ملٹری ڈیری فارم کی جدید لیبارٹری اور لائیوسٹاک کی افزائش نسل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب کے لائیوسٹاک کے ترقی پسند بریڈرز اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لائیوسٹاک و ڈیری کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر نہ صرف اپنی ایکسپورٹ بڑھا سکتے ہیں بلکہ دیہات میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ملٹری ڈیری فارم رینالہ میں جانوروں کی افزائش نسل کے لئے جدید طریقہ پر کئے جانے والے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس میں لائیوسٹاک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ قبل ازیں شہبازشریف اپنے اوکاڑہ کے دورے کے آغاز میں حجرہ شاہ مقیم گئے اور بہاول شیر قلندر کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثناءحکومت پنجاب اور چین کے سرمایہ کاری گروپ تنگ زونگ (Teng Zhong Group of China) کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت چین کے سرمایہ کاروں کا یہ گروپ پنجاب میں ایک لاکھ ایکڑ پر اکنامک زون قائم کرے گا جہاں مختلف صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ معاہدے پر چین کی طرف سے گروپ کے چیئرمین مسٹر یان لی اور پنجاب حکومت کی طرف سے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ‘ سیکرٹری ایڈوائزری کونسل ہارون خواجہ‘ سیکرٹری کامرس و صنعت ‘ چیئرمین کے اے ایس بی گروپ ناصر علی شاہ بخاری ‘ ایشیا پیسیفک ایکویٹی کے سربراہ مسٹر سفیان زبیری کے علاوہ چینی سرمایہ کاروں کے وفد کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ ایکڑ پر اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف صنعتی شعبے کو ترقی ملے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ چیئرمین مسٹر یان لی نے مفاہمت کی یادداشت کے بارے میں بتایا کہ اکنامک زون کے قیام سے پنجاب میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور چین کی ٹیکنالوجی و مہارت سے پاکستانی مصنوعات کا معیار بہتر ہو گا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جان کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور پتنگ بازی کے قانون پر سختی سے عمل کراتے ہوئے اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ صوبے میں کہیں بھی پتنگ بازی نہ ہو۔ اوکاڑہ کے دورے پر روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر کمشنر‘ کیپیٹل سٹی پولیس افسر‘ ڈی سی او و ایس ایس پی لاہور کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سپیشل افراد کی تنظیم ” مائل سٹون ‘ ‘ کے صدر محمد شفیق الرحمن اور پروگرام منیجر ماریہ قریشی نے ملاقات کی اور انہیں تنظیم کی کارکردگی و درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مائل سٹون کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت معذور افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکے۔ دریں اثناءاوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملٹری ڈیری فارم کے مزارعین کا بھی جلد فیصلہ کر لیا جائیگا۔
Post New Comment