اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان اور افغانستان نے ایک دوسرے کے ہاں ٹرک چلانے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد افغانستان کے ٹرک کراچی تک آزادانہ آ جا سکیں گے، اور پاکستانی ٹرک افغانستان کے راستے واسطی ایشیائی ریاستوں تک جا سکیں گے، یہ اتفاق رائے گزشتہ روز افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پر مذاکرات کے چوتھے دور میں کیا گیا تاہم پاکستان نے بھارتی اشیاءپاکستان کے راستے افغانستان تک لے جانے کی اجازت دینے سے اتفاق نہیں کیا اور پاکستان کی طرف سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ اس معاملے پر غور پاکستان بھارت جامع مذاکرات میں ہی کیا جا سکتا ہے ، افغان حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت جاری رکھی جائے گی، اور اتفاق رائے سے 1965 ءمیں ہونے والے ٹرانزٹ ٹریڈ سمجھوتے میں تبدیلی کی جائے گی ، حکام کے مطابق توقع ہے کہ 21 دسمبر تک ٹرانزٹ سہولت ، ٹرک چلانے اور سمگلنگ روکنے کے بارے میں بنائی گئی کمیٹیاں اپنی رپورٹس کو حتمی شکل دے دیں گی جس کے بعد اعلیٰ سطحی مذاکرات میں مزید حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔
Post New Comment