لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر امریکی عدالت میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر قائم جھوٹے مقدمے کے خلاف اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کے زیرر اہتمام ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ لاہور میں مسجد شہدا مال روڈ پر شباب ملی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔ امیر العظیم‘ احمد سلمان بلوچ سمیت جماعت اسلامی‘ شباب ملی‘ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے امریکہ کے خلاف اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے اور وہ بے گناہ ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی حمایت میں نکلنا ہماری قومی غیرت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے۔ عراق‘ افغانستان کے لاکھوں عوام کا قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے مغرب کی پروردہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو سانپ سونگھ گیا ہے اور وہ بے نقاب ہو گئی ہیں کہ ان کے دوہرے معیار ہیں۔ کراچی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ صدر زرداری اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ نوازشریف کو موجودہ حکومت سے اختلاف ہے تو سڑکوں پر احتجاج کریں‘ انہوں نے کہا کہ پی پی حکومت الطاف حسین‘ عوامی نیشنل پارٹی‘ فضل الرحمن اور نوازشریف کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے‘ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا قانون ہے کہ اپنے ہی شہریوں کو سرعام فروخت کر دیا جاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔
Post New Comment