مینگورہ/سوات (نامہ نگار+ریڈیو نیوز+نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے سوات کے عوام نے ہر مصیبت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے موجودہ سیلاب کے چیلنجز کا بھی اس طرح مقابلہ کرینگے جس طرح دہشت گردی کا مقابلہ کیا حکومت مشکل کی گھڑی میں سوات کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی علاقے کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ سوات کے عوام کی پاکستان کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی وقت نے ثابت کیا ہے کہ انتہا پسندوں کے عزائم غلط تھے نظام عدل دیا مگر انتہا پسندوں کا ایجنڈا غیر ملکی تھا سوات میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوات سیاحوں کے لیے خوبصورت علاقہ تھا مگر اس کو نظر لگ گئی ہے سوات کے عوام نے دہشتگردی کا جس طرح مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی پچیس لاکھ افراد نے اپنے گھر چھوڑ دیئے انہوں نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کیا انہوں نے کہا کہ 90 دنوں میں پچیس لاکھ آئی ڈی پیز کی واپسی بھی دنیا میں ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے خیبر پی کے سب سے زیادہ متاثر ہوا کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پر ابھی تک کوئی خوراک نہیں پہنچی جس کی وجہ موسم کی خرابی ہے۔ وزیر ا علیٰ اپنی ضروریات سے آگاہ کریں ہزاروں ٹن خوراک ، ادویات دینگے انہوں نے کہا سیلاب کی تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ لیا جائے تو خوبصورت منظر پیش ہوتا ہے لیکن جب نیچے اتر کر متاثرہ علاقوں کو دیکھا جائے تو دل خون کے آنسو روتا ہے جہاں نظر جاتی ہے تباہی ہی دیکھنے میں آتی ہے انہوں نے کہا کہ سوات میں افواج ، حکومت ، اے ڈی ایم اے مل کر کام کررہے ہیں اور اپنے وسائل میں رہتے ہیں متاثرین کو شیلٹر کھانا اور میڈیکل کی سہولیات فراہم کررہے ہیں متاثرین کی بحالی تک ریلیف فراہم کرتے رہیں گے انہوں نے وزارت مواصلات کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سوات میں سڑکوں اورپلوں کو بحال کریں اس موقع پر وزیراعظم نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی اور عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے نقصانات کا ازالہ کرے گی ۔آن لائن کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پاکستان کی بھرپور مدد کریں اس وقت متاثرین کو خیموں، خوراک، ادویات اور صاف پانی کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کے وزیر انڈریو مچل اور برطانوی حکمران جماعت کی چیئرپرسن سعیدہ وارثی سے کیں جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے وزیراعظم رضا گیلانی کے ساتھ ملاقات کرکے انہیں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا‘ این ٹی سی کے چیئرمین بریگیڈئر ریٹائرڈ مرزا بابر عزیز بیگ نے وزیراعظم کو 5 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا‘ غنی گروپ آف کمپنیز کی طرف سے بھی وزیراعظم گیلانی کو سیلاب زدگان کے فنڈ کے لئے 30 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا گیا۔
Post New Comment