لاہور (سپورٹس رپورٹر/ این این آئی/ مانیٹرنگ نیوز) وفاقی وزیر دفاع چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ڈرون حملے مسئلے کا حل نہیں لوگوں کے دل جیتنے ہیں تو مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کیا جاسکتا ہے اس بارے میں ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہینگے۔ فی الوقت مجھے ڈرون حملوں کو روکنے کا فوری کوئی حل نظر نہیں آرہا ہے، امریکہ حملوں کی بجائے ڈرون ٹیکنالوجی ہمیں دے تو بہتر انداز میں دہشت گردوں کےخلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ گذشتہ روز پولو گراﺅنڈ میں صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیر دفاع احمد مختار نے مزید کہا کہ ہم قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کا ایشو ہر سطح پر اٹھاتے رہینگے۔ صدر زرداری سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ زرداری پورے ملک کے صدر ہیں وہ جہاں چاہیں سیاست کر سکتے ہیں کسی کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ پہلے کہا جاتا تھا کہ صدر اسلام آباد سے باہر نہیں نکلتے مگر جب وہ نکلتے ہیں تو بعض لوگ صدر کو دیکھ کر گھبرا گئے ہیں اور شور مچانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف بھی تو وردی میں سیاست کرتے تھے۔ انہیں تو اس وقت کسی نے نہیں روکا‘ زرداری تو سویلین صدر ہیں۔ احمد مختار نے مزید کہا کہ ملک میں موجود سیاسی بحران خودبخود حل ہو جائےگا۔ کرکٹ کے معاملات میں اپنے بہنوئی اعجاز بٹ کی صدر زرداری سے کبھی سفارش نہیں کی۔
Post New Comment