لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور مسلح افواج کے چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال‘ متاثرین اور متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کے بعد کہا گیا کہ سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال کو چیلنج سمجھتے ہوئے حکومت اور حکومتی ادارے اپنا بھرپور کردار بروئے کار لاتے ہوئے بحالی کے عمل کی تکمیل مل کر کریں گے۔ میاں شہباز شریف نے متاثرین سیلاب کو محفوظ علاقوں تک لانے اور متاثرین کی بحالی کے عمل میں فوج کی تعریف کی اور کہا واقعتاً فوجی جوانوں نے حکومتی اداروں سے مل کر قومی جذبہ کے تحت جو کام سرانجام دیا وہ تحسین کے لائق ہے۔ آرمی چیف نے وزیر اعلیٰ کو متاثرہ علاقوں کے دورہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تباہی و بربادی کے اس عمل کا مقابلہ مل جل کر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس حوالہ سے حکومت کو متعدد تجاویز دیں۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ملاقات میں بتایا وہ خود اور حکومت پنجاب کے متعلقہ اداروں کے حکام متاثرہ علاقوں میں رہے اور ریلیف سرگرمیوں کی سرپرستی کی۔ شہباز شریف نے کہا ہم متاثرین کے لئے خوراک اشیائے ضروریات کی فراہمی اور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور خدا اور عوام کی عدالت میں سروخرو ہوں گے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے اپنی ملاقات کو سیلاب کے حوالے سے پیداشدہ صورتحال کے ضمن مےں اہم اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو درپیش چیلنج مےں فوج جیسے قومی ادارہ کی خدمات قابل تحسین ہےں اور حکومت اور فوج مل جل کر متاثرہ علاقوں کی بحالی اور متاثرین کے مسائل کے حل کےلئے اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان روڈ کی بحالی کا عمل حکومتاور فوج کی مشترکہ کاوشوں کا مظہر ہے اور ہم سمجھتے ہےں کہ مشکل کی اس گھڑی مےں قومی جذبہ کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اور آرمی چیف کی ملاقات مےں متاثرہ علاقوں مےں پیداشدہ صورتحال متاثرین کی ضروریات انہیں خوراک و اشیائے ضروریات کی فراہمی انفراسٹرکچر کی تعمیرنو سمیت متعدد امور زیر غور آئے۔ ہمارا اتفاق تھا کہ ہمیں مل جل کر چیلنجز سے نمٹنا ہے اور خدا اور عوام کی عدالت مےں سرخرو ہونا ہے یہی جذبہ ہمیں مشکل کی اس گھڑی سے نکالے گا اور استحکام کی منزل پر لے جائے گا۔
Post New Comment