لاہور/ اسلام آباد (رپورٹنگ ٹیم+ ایجنسیاں) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت اعلیٰ عدلیہ کے دیگر غیرفعال ججوں کی 3نومبر 2007ء کی پوزیشن پر بحالی کو ایک سال مکمل ہونے پر گذشتہ روز ملک بھر کے وکلا نے یوم بحالی عدلیہ و یوم افتخار منایا۔ اس دوران لاہور‘ ملتان‘ جہانیاں‘ بہاولپور‘ وہاڑی‘ خانیوال‘ ننکانہ صاحب‘ ہارون آباد اور دیگر شہروں میں اجلاس منعقد کئے گئے اور چیف جسٹس کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کئی شہروں میں وکلا نے کیک کاٹے‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے‘ مٹھائیاں تقسیم کیں اور شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ اس ضمن میں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر میاں عبدالقدوس کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں نائب صدر میاں شاہ عباس‘ سیکرٹری بابر مرتضی‘ سیکرٹری سپریم کورٹ بار راجہ ذوالقرنین‘ شفقت محمود و دیگر وکلا رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 16مارچ 2009ء سے قبل غیرفعال ججوں کی بحالی ایک سراب دکھائی دیتا تھا۔ آزاد عدلیہ کے قیام کیلئے وکلا نے سول سوسائٹی سے مل کر لازوال قربانیاں دیں اور عدلیہ بحال اور آزاد ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ آزاد عدلیہ کی حفاظت اور آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ اجلاس میں دہشت گردی کی وارداتوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکمران بزدلی چھوڑ کر ان قوتوں کا نام لیں جو اس میں ملوث ہیں جبکہ بم دھماکوں میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء کو جلد مالی امداد دی جائے۔ ادھر لاہور ڈسٹرکٹ بار کے صدر ساجد بشیر شیخ کی زیرصدارت بھی ایوان عدل میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر لاہور بار نے کہاکہ وکلا کو اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا چاہئے تاکہ آئندہ بھی کوئی غیرجمہوری قوت یا آمر جمہوری اداروں کو غیرآئینی طریقے سے غیرفعال نہ کر سکے۔ سیکرٹری بار شکیل گوندل نے کہا کہ یہ وکلا کی قربانیوں کا نتیجہ ہی ہے کہ آج عام لوگوں کو فوری انصاف مل رہا ہے۔ اس موقع پر نائب صدر ذوالفقار حیدر‘ نائب صدر ماڈل ٹاﺅن نوشیرواں عادل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء عدلیہ کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے۔ ہارون آباد کے وکلا نے یوم تشکر کے موقع پر شکرانے کے نوافل ادا کئے اور مٹھائی تقسیم کی گئیں۔ ننکانہ صاحب میں بار کے صدر رانا شہباز احمد کی زیرصدارت اجلاس میں وکلا تحریک میں قربانیاں دینے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ مقررین نے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جہانیاں بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں وکلا نے چیف جسٹس افتخار محمد کی جرات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈسٹرکٹ بار کے صدر ظفر چودھری کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں وکلا نے آزاد عدلیہ کیلئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Post New Comment