دہشت گردی میں امریکہ اور بھارت ملوث ہیں‘ فوجی آپریشن بند کیا جائے: ڈاکٹر اسرار

ـ 17 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم اسلامی کے قائد ڈاکٹر اسرار احمد نے حکومت سے صوبہ سرحد میں جاری آپریشن بند کرنے اور صوفی محمد کو رہا کر کے مصالحتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں امریکہ اور بھارت ملوث ہیں، ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے حکمران دہشت گردی کی نام نہاد جنگ سے الگ ہو جائیں۔ موجودہ حالات تیسری عالمی جنگ کی طرف جا رہے ہیں۔ قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر کو عالمی مجرم بنا دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید، اظہر بختیار خلجی، محمد جہانگیر سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اسرار احمد نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ پاکستان کی نہیں امریکہ کی ہے اور ہم اس جنگ کا حصہ بن کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکہ کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے کہ اس نے ہمیں باور کرا دیا ہے کہ ان کی نہیں پاکستان کی جنگ کی ہے جبکہ یہودی لابی جو کہ مسلمانوں کی اولین دشمن ہے امریکہ کی جنگ کو اپنی جنگ بنا کر افغانستان سے گھسیٹ کر اسے پاکستان میں لانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ جو سرمایہ داروں اور کمیونزم کے درمیان نہیں بلکہ ایشیا میں عیسائیوں اورمسلمانوں کے مابین لڑی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں کے باعث تحریک طالبان پاکستان امریکہ اورحکومت سے انتقام لینے کیلئے تخریبی کارروائیاں کر رہی ہے تو دوسری طرف ملک دشمن عناصر اورجرائم پیشہ افراد ان کا بھیس اختیار کر کے بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں۔ امریکہ اور مغربی دنیا کی جانب سے” ڈو مور ڈومور“ کی آوازیں سن کر ہمارے کان پک چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغان طالبان نے طرز عمل اور قربانیوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ اور دین اسلام کے سچے وفادار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے واقعہ میں یہودی لابی ملوث ہے جس کا مقصد مسلمانوں بالخصوص پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions