انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر دستخط ہو گئے۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری پٹرولیم کامران لاشاری نے دستخط کئے۔ حکومت پاکستان 3 ارب ڈالرز کی گارنٹی فراہم کرے گی۔ ہیڈ آف ایگریمنٹ پر دستخط کے بعد منصوبے پر فزیکل سروے شروع کیا جائے گا۔ دستخط ترکی میں ہوئے۔ اس منصوبے میں پہلے بھارت بھی شامل تھا لیکن امریکی دباﺅ اور اندرونی مخالفت کے سبب بھارت اس منصوبے سے پیچھے ہٹ گیا۔ انٹر اسٹیٹ گیس کمپنی پاکستان میں پائپ لائن بچھائے گی۔ معاہدے کے تحت ایران پاکستان کو روزانہ 7 کروڑ کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گا۔ منصوبے کو 7 ارب ڈالر کی مدد سے 4 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس پائپ لائن اقتصادی مفاد میں ہے۔ پائپ لائن کی تعمیر کا آغاز رواں سال ہو جائے گا اور 2014ءمیں آپریشنل ہو گی۔ گیس کی سپلائی 25 سال تک جاری رہے گی۔
Post New Comment