لاہور (کامرس رپورٹر) ملک کی کاروباری برادری نے سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں بری کرنے کے فیصلے پر کہا ہے کہ ثابت ہو گیا ہے کہ ملک میں انصاف کا بول بالا ہے عدلیہ آزاد ہے اور آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔ توقع ہے کہ اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ریجنل چیئرمین میاں محمد ادریس نے میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں بری کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ عدالتوں پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔ ایف پی سی سی آئی کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے چیئرمین خواجہ خاور رشید نے میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں بری ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام آئے گا اور صنعت و حرفت ترقی کرے گی۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر میاں مظفر' سینئر نائب صدر طاہر جاوید ملک ا ور نائب صدر عرفان اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔
Post New Comment