لاہور (خبر نگار خصوصی + سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات کی میٹرک کے امتحان کے لئے بورڈز کی رجسٹریشن و امتحانی فیس فوری ختم کرنے اور امتحانی نظام کو بوٹی مافیا سے پاک کرکے مکمل شفاف بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی بورڈ میں کوئی بھی بے قاعدگی پائی گئی تو نہ صرف متعلقہ چیئرمین اور سیکرٹری کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا بلکہ سیکرٹری تعلیم بھی اس ضمن میں جوابدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 34 ہزار ایجوکیٹرز کی بھرتی کے عمل کو آئندہ تین ہفتوں جبکہ سکولوں میں کمپیوٹر لیب کے منصوبے کو اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محنتی‘ فرض شناس اور طلباو طالبات کی تعلیم و تدریس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کے لئے مراعات کا پیکیج (incentive package) بھی مرتب کیا جا رہا ہے اور اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کے لئے لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے تعلیمی شعبے کی ترقی اور معیار تعلیم کی بہتری کے لئے کئے گئے فیصلوںپر عملدرآمد (follow up) کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جب تک اساتذہ اپنے فرائض منصبی محنت اور احساس ذمہ داری سے سرانجام نہیں دیں گے اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس کے لئے مختص ایک ارب روپے اساتذہ میں 14 اگست تک اسی معیار کے تحت تقسیم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کے بچوں کی مفت ہائر ایجوکیشن کے علاوہ انہیں رہائشی پلاٹ دینے کے بارے میں بھی سفارشات آئندہ ہفتے پیش کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو رہائشی پلاٹ بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکول کی سطح پر اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی اے‘ بی ایس سی کے امتحانات میں بعض کالجز کا نتیجہ صفر رہا ہے جو کہ نہایت قابل افسوس ہے اور ایسے کالجز کے بارے میں انہیں علیحدہ بریفنگ دی جائے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے گذشتہ روز 83 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور کا افتتاح کر کے اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔ 6166 فٹ لمبے فلائی اوور کی تعمیر کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2008ء میں جب ہماری پنجاب حکومت قائم ہوئی تھی تو ہمار پہلا ہدف ٹھوکر فلائی اوور کے رکے ہوئے منصوبے کو پایا تکمیل تک پہنچانا تھا۔ آج خوشی اس بات کی ہے کہ ایک ایسے منصوبے کو مکمل کیا گیا تھا جو سابقہ دور میں مختلف وجوہات کی بنا پر ٹھپ پڑا تھا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ واسا کو اپنی بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے سینئر افسران دفاتر میں بیٹھنے کی روش کو ترک کر کے فیلڈ میں نکلیں اور مون سون کے دوران تمام انتظامات کو مکمل کریں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دانش سکولوں کے قیام کا مقصد صوبے کے دور دراز و پسماندہ علاقوں کے غریب ترین طلبا و طالبات کو ترقی یافتہ علاقوں کی اعلیٰ معیار کی درسگاہوں کی طرح معیاری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی ہے تاکہ ان علاقوں کے طلبا کو بھی اس بات کا احساس ہو کہ ان کا بھی وسائل پر اتنا ہے حق ہے کہ اشرافیہ کا۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے منصوبے کا آغاز صوبے کے پسماندہ علاقوں ڈیرہ غازی خان‘ رحیم یار خان اور بہاولپور سے کیا جائے گا جبکہ ان علاقوں میں سنٹرز آف ایکسی لینس بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کرنے والوں میں ممبر قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرا‘ اراکین صوبائی اسمبلی محمد ارقم خان‘ سردار شیر علی گورچانی‘ رضا نصراللہ گھمن‘ سردار محمد حسین ڈوگر اور یعقوب ندیم سیٹھی شامل ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سے صوبائی وزیر تعلیم مجتبیٰ شجاع الرحمن اور سیکرٹری سکولز ندیم اشرف نے ملاقات کی اور انہیں اساتذہ‘ طلبا و سٹاف کی جانب سے سوات متاثرین کی امداد و بحالی کے لئے 77 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ جبکہ وزیر اعلیٰ نے ٹھوکر نیاز فلائی اوور منصوبے کے افتتاح کے موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور میاں نوازشریف کے درمیان آج جمعہ کو ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی گفتگو کرنے سے اجتناب کیا۔
Post New Comment