لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے اور اس وقت ملک کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں، اتحادی صفوں سے نکل کر ہی ملک کو بحرانوں کے دلدل سے نکالا جاسکتا ہے‘ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت پر حملے ہیں، امریکہ اس حوالے سے کوئی آواز سننے کے لیے تیار نہیںہے۔ مولانا فضل الرحمان نے گذشتہ روز یہاں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو میں مزید کہا کہ خارجہ پالیسی کا قبلہ درست کیے بغیر حالات میں بہتری لانا نا ممکن ہے۔ اس موقع پر قبل ازیں جے یو آئی کے مرکزی ناظم انتخاب مولانا محمد یوسف اور صوبائی ناظم انتخاب مولانا تاج محمد نے پارٹی رکنیت سازی کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن اور مولاناعبدالغفور حیدری کو بریفنگ دی۔ دوسری طرف جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے قاری نذیر کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو اپنی کالونی سمجھ رکھا ہے، جامہ تلاشی کی پالیسی ڈرون حملے اور مسلسل ڈکٹیشن اس بات کا واضح ثبوت ہے‘ انسانی حقوق کی تنظیموں کو اب انسانیت کی تذلیل نظر نہیں آتی، حکمران آنکھیں کھولیں۔ دریں اثناء حافط اطہر عزیز، جمال عبدالناصر ، قاری نذیر احمد نے بتایا کہ فضل الرحمن، عبدالغفور حیدری اور دیگر آج 11بجے دن دارالعلوم عثمانیہ رسول پارک اچھرہ میں خطاب کریں گے۔
Post New Comment