دہشت گردی نے غریب کی کوکھ سے جنم لیا‘ خاتمے کیلئے اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے : شہبازشریف

ـ 16 جولائی ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آسٹریلیا کے پاکستان و افغانستان کے لئے خصوصی مندوب رچرڈ سمتھ (Richard C. Smith) نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر مشیر سردارر ذوالفقار علی خان کھوسہ‘ وزیرقانون رانا ثناءاللہ خان‘ ممبر صوبائی اسمبلی کرنل (ر) شجاع خانزادہ‘ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی سپنسر جارج (Timothy Spencer George) اورچیف سیکرٹری بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستان اور افغانستان کے لئے آسٹریلیا کے خصوصی مندوب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لئے شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج کا سامنا ہے اور پوری قوم اور سیاسی قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے غربت‘ بیروزگاری اور جہالت کی کوکھ سے جنم لیا ہے اور اس کے خاتمے کے لئے معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے سے جہالت کے اندھیروں کے خاتمے کے لئے جامع پالیسی اپناتے ہوئے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور اس سمت میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب میں زرعی یونیورسٹی کے قیام میں آسٹریلیا کے تعاون کو خوش آمدید کہیں گے اور یونیورسٹی میں آسٹریلین فیکلٹی سے طلباءو طالبات جدید علوم سے آراستہ ہوں گے۔ پاکستان و افغانستان کے لئے آسٹریلیا کے خصوصی مندوب رچرڈ سمتھ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے جس کے اس کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خلاف حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی کانفرنس کے انعقاد کی تجویز کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پنجاب میں زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو آسٹریلیا کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کے لئے آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہو نا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (CID) کی تنظیم نو کر کے اسے ایک متحرک اور فعال ادارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ یہ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے میں اپنا موثر اور بھرپور کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سوفیصد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ان کا پیغام بالکل واضح ہے کہ نفرت آمیز مواد‘ اشتعال انگیز تقاریر‘ وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کی جائے۔ دریں اثنا وزیراعلی سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں‘ فلاحی پروگراموں اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں سردار ایازصادق‘ چودھری خالد ورک اور عرفان بشیر گجر شامل تھے۔ دریں اثنا قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل حبیب جالب بلوچ کے اندوہناک قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ رہنما کا قتل سیاسی تاریخ کا اندوہناک باب ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے مینگورہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا بھی اظہار کیا ہے۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions