محاذ آرائی نقصان دہ ہو گی‘ کارکن صبر و تحمل سے کام لیں : شہبازشریف.

ـ 16 فروری ، 2010
  • Adjust Font Size

لاہور (خبرنگار) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو موجودہ حالات میں جذبات کا مظاہرہ کرنے کی بجائے صبر اور تحمل سے کام لینا چاہیے۔ ایوان وزیر اعلی میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ گالی کا جواب گالی سے دینا مسلم لیگ (ن) کی روایت نہیں اور کارکنوں کو اس روایت کو پوری ذمہ داری سے آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محاذ آرائی کا راستہ ملکی سیاست اور جمہوریت دونوں کے لئے نقصان دہ ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت کسی قسم کی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وزیر اعلی نے اراکین اسمبلی سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں موجود رہیں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن کسی ایسے ردعمل کا اظہار نہ کریں جو ملک کو محاذ آرائی کی طرف لے جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کل (اتوار) کے واقعات پر مسلم لیگ کے کارکنوں کے جذبات کا اندازہ ہے اور میں ان کا احترام کرتا ہوں مگر ملکی حالات اس وقت جوش سے زیادہ ہوشمندی سے کام لینے کا تقاضا کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک مرتبہ پھر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت و شفاف تکمیل کی اس روایت کو دہرایا جا رہا ہے جو دس سال قبل قائم کی گئی تھی۔ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور کرپشن اب قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ راولپنڈی میں ایوب نیشنل پارک کو پبلک پارک میں تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس عمل میں پارک کے قدرتی حسن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل زاہد حسین خان‘ ڈائریکٹر جنرل آر وی ایف سی میجر جنرل علی کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ لاہور رنگ روڈ پیکیج 6کو این ایل سی نے جس محنت اور لگن سے مکمل کیا ہے وہ اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں ایک مرتبہ پھر 1998ءکی طرح معیار اور تیز رفتاری سے تکمیل کی روایت کو دہرا کر دس سال قبل کے کلچر کو دوبارہ زندہ کیا گیا ہے ۔ایوب نیشنل پارک کو عوامی پارک میں بدلنے سے راولپنڈی کے عوام کو معیاری تفریحی سہولتیں میسر آئیں گی۔ لیفٹیننٹ جنرل زاہد حسین خان نے اس موقع پر کہاکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں میں این ایل سی کا حکومت پنجاب کے ساتھ اشتراک باعث فخر ہے۔
لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اس ضمن میں پتنگ سازوں اور ڈور تیار کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے - انہوں نے کہا کہ اگر کہیں بھی پتنگ بازی ہوئی یا کسی معصوم جان کو نقصان پہنچا تو ذمہ داروں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا - انہوں نے قبضہ مافیا، غنڈوں، بدمعاشوں اور بھتہ خوروں کے خلاف بھی سخت ترین کاررائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ایسے عناصر کے خلاف صحیح معنوں میں خوف کی علامت بنے۔ وزیر اعلی نے انتظامیہ کو جھوٹے مقدمات کے اندراج کی حوصلہ شکنی کےلئے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ ایف آئی آر میں بے گناہ افراد کو ملوث کرنےوالے بھی اصل مجرموں کی طرح سزا کے مستحق ہیں۔ وہ یہاں ایوان وزیر اعلی میں امن و امان کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سینئر پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں ان احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں خانہ پری کی بجائے انہی افراد کو گرفتار کیا جائے جو اس کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور وہ کسی صورت غنڈہ مافیا کو سڑکوں پر دندناتے پھرتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں ضمنی انتخابات کے موقع پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور تمام امیدواروں کی سیکورٹی کےلئے بھی موثر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے جھوٹی ایف آئی آر ز کے سد باب کیلئے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میںوضع کردہ پالیسی کے تحت جھوٹے مقدمات کے اخراج کا جائزہ لینے کیلئے ہر ماہ دوبار اجلاس منعقد کریں اور جھوٹی ایف آئی آر ز کے اندراج میں ملوث محکموں و اہلکاروں کےخلاف بھی کارروائی کریں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions