گلگت بلتستان میں پولنگ آج ہوگی‘ سکیورٹی کے سخت انتظامات‘ 200 پولینگ سٹیشن حساس قرار

ـ 12 نومبر ، 2009
  • Adjust Font Size

گلگت / سکردو (اے پی پی + این این آئی) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ آج بروز جمعرات کو ہو رہی ہے جس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق 24 میں سے 23 نشستوں کیلئے پولنگ آج ہو رہی ہے جبکہ ایک نشست ایل ایف 9 ضلع غذر میں ایم کیو ایم کے امیدوار شیر بہادر کے انتقال کے باعث یہاں انتخابات 2 ماہ کیلئے ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔ 960 پولنگ سٹیشنوں میں سے 56 کو انتہائی حساس اور 114 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے سیکرٹری داخلہ و اطلاعات کیپٹن ریٹائرڈ عثمان یونس کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں چھ ہزار پولیس اہلکاروں‘ چار سو پچاس سکائوٹس اور ایف سی جوانوں کو تعینات کر دیا گیا اور ضرورت پڑنے پر دو بٹالین فوج بھی تعینات کی جا سکے گی۔ 23 نشستوں کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 165 آزاد حیثیت سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران صورتحال مجموعی طور پر پرامن رہی اور اکا دکا معمولی واقعات کے علاوہ کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پیپلز پارٹی 23، مسلم لیگ (ن)15، مسلم لیگ (ق) 14 اور ایم کیو ایم 19 نشستوں پر مدمقابل ہونگی۔ الیکشن کمشن نے ضلع گلگت میں 272 پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں جن میں سے 11 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 70 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضلع سکردو کیلئے کل 275 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ یہاں 40 پولنگ سٹیشن کو انتہائی حساس اور 37 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضلع استور کیلئے پولنگ سٹیشن کی مجموعی تعداد 81ہے جن میں5 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 7کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضلع غذر کیلئے مجموعی طور پر 188پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ضلع گانچھے میں مجموعی طور پر 144پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions