اسلام آباد (اے این این) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے قوم کو ماہ رمضان کے آغاز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس مہینے سے بھرپور استفادہ کیا جائے‘ قوم شدید سیلاب اور عسکریت پسندی سے تباہ حال بہن بھائیوں کی بھی دل کھول کر مدد کرے‘ حکومت متاثرین سیلاب کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی‘ کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت اور علاقائی تعصبات کو ہوا دینے کی کوشش میں ہیں‘ ہمیں ان کے عزائم سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر اور وزیراعظم نے رمضان المبارک 1431ئ‘ 2010ءکے آغاز پر قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر مسلمانان عالم کو بالعموم اور پاکستان کے مسلمان بہن بھائیوں کو بالخصوص مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر میں اپنے ہم وطنوں سے کہوں گا کہ وہ اس ماہ مقدس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں اور اللہ کی رضا جوئی میں لگ جائیں اور شدید سیلاب اور عسکریت پسندی کی وجہ سے تباہی کا شکار ہونے والے اپنے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہم سب کو ماہ رمضان المبارک کی مقدس ساعتیں عطا فرمائی ہیں‘ اس بابرکت مہینے کی آمد پر میں سب مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصے سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں‘ ہمیں نہیں بھولنا چاہئے کہ ان علاقوں میں ہمارے بہن بھائی مہیب مسائل کا شکار ہیں۔ میں بجاطور پر امید رکھتا ہوں کہ ہماری قوم اپنے سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کی بھرپور مدد کرے گی۔
Post New Comment