مانسہرہ : امریکی این جی اوز کے دفتر پر دستی بم سے حملہ‘ فائرنگ‘ 2 خواتین سمیت 7 جاں بحق.

ـ 11 مارچ ، 2010
  • Adjust Font Size

مانسہرہ+اوگی+ لاہور( خصوصی رپورٹر+نامہ نگار+ایجنسیاں) مانسہرہ میں اوگی کے مقام پر ایک امریکی این جی اوکے آفس پر دستی بم حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت سات افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے آئی جی سرحد سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ سے 35 کلو میٹر کے فاصلے پر تحصیل اوگی اور کالا ڈھاکہ کے مرکزی مقام شیر گڑھ روڈ پر واقع ورلڈ ویژن نامی انٹرنیشنل این جی اوز کے آفس پر بدھ کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب نقاب پوش مسلح افراد نے دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی جس سے 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ ارگرد کی عمارتیں اور رہائشی مکانات لرز اٹھے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے، سکولوں میں بھی بڑی تعداد میں طلباء کی تعداد بھگڈر مچنے سے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گے۔ بم دھماکے کی وجہ سے پوری عمارت منہدم ہوگئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے کو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ کچھ لوگ عمارت کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ اور این جی او کے ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں پانچ کی شناخت کہکشاں، انجینئر ایاز، لیاقت، جمشید اور زراف کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثناء نو منتخب رکن قومی اسمبلی لائق محمد خان اور دیگر سیاسی رہنماﺅں نے اوگی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دشمن عناصر کی کارروائی ہے جو مانسہرہ میں امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں آپریشن کرنے کیلئے غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے اور اس دھماکے کا مقصد آپریشن کیلئے راہ ہموار کرنا ہے۔ ادھر وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سرحد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق حملہ آور 5 نقاب پوش تھے اور کارروائی کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دھماکے سے این جی او کی عمارت تباہ ہوگئی۔ اے ایف پی کے مطابق این جی او ورلڈ ویژن کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ اس نے بتایا کہ حملے میں این جی او کے 6 ملازمین ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوئے۔ صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف ، الطاف حسین ، عمران خان ، وفاقی وزراء ، صوبائی گورنرز و وزیر اعلیٰ اور دیگر سیاسی قائدین نے معاشرہ میں غیر ملکی این جی اوز کے دفتر میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر ملک کو عدم استحکام سے دو چارکرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے گھناﺅنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔مانسہرہ میں این جی او پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے میاں نواز شریف ، الطاف حسین ، عمران خان ،چوہدری شجاعت حسین، پرویز الہی، پروفیسر ساجد میر، علامہ زبیر احمد ظہیر اوردیگر سیاسی قائدین نے اپنے علیحدہ علیحدہ مذمتی پیغامات میں کہا ہے کہ دہشتگرد شکست خوردہ ہوچکے ہیں اور ہزیمت چھپانے کیلئے کاروائیاں کررہے ہیں لیکن اب پوری قوم دہشتگردی کیخلاف یکجا ہے۔ دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔
مانسہرہ/حملہ

یہ خبر نواے وقت کے پرنٹ پیپر میں شائع کی گئی ہے اس تارخیح کا سارا پیپر پھرنے کے لیے.جہاں کلیک کریں

Post New Comment

Add the code from the left image to the box below

Opinions