اسلام آباد (آئی این پی + اے این این) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم فکر نہ کرے ملکی حالات جلد تبدیل ہونے والے ہیں، پاکستان میں آئین کی بحالی، قانون کی حکمرانی جمہوریت کے استحکام اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے، گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی یہاں کے عوام محب وطن ہیں مسلم لیگ (ن) آئندہ بھی یہاں اپنا کردار جاری رکھے گی، شیخ رشید پر حملہ افسوسناک اور سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں گی اور شیخ رشید کو تحقیقات سے مطمئن کریں گے‘ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کامیابی سے جاری تھی نتائج اس کے مطابق ہی آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں پنجاب ہاﺅس میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب اور گلگت بلتستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کے وفد سے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، نوازشریف نے کہا کہ عوام اپنے حوصلے بلند رکھیں پاکستان میں حالات جلد تبدیل ہو نے والے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی بحالی، قانون کی حکمرانی جمہوریت کے استحکام اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ (ن) مسلسل آگے بڑھ رہی ہے، مقاصد کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کیلئے پوری طرح تیار ہیں، میاں نواز شریف نے کہا کہ ہنزہ میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں جو جانی ومالی نقصان ہوا ہے مسلم لیگ (ن) اس کا بھرپور ازالہ کرے گی اور امداد دے گی، انہوں نے سینیٹر اسحاق ڈار کو ہدایت کی کہ متاثرین کی امداد کیلئے موثر لائحہ عمل بنائیں، قبل ازیں پنجاب ہاﺅس میں مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماﺅں نے شرکت کی‘ اجلاس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر حملے کے بعد کی صورتحال اور حلقہ این اے 55 میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا اور سیاسی صورتحال‘ میثاق جمہوریت پر عملدرآمد‘ این آر او پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر عملدرآمد اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں نواز شریف نے انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔ نوازشریف نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل صدر آصف علی زرداری سے ایک ملاقات میں جس میں قمرالزمان کائرہ بھی موجود تھے میں کہا کہ ایسی رپورٹیں مل رہی ہیں جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں جھاڑو پھیرنا چاہتی ہے۔ اس پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات کو شفاف بنانے کےلئے اپنی تجاویز دے تو وہ اس پر عمل کرائیں گے۔ ہم نے تجاویز دے دیں لیکن انہیں اٹھا کر پھینک دیا گیا اور انتظامیہ سرکاری وسائل کے غلط استعمال اور دھاندلی کے ذریعے انتخابی نتائج تبدیل کر دئیے گئے۔
نوازشریف
Post New Comment