میرانشاہ (ریڈیو مانیٹرنگ+ جی این آئی) شمالی وزیرستان میں پیر کی شب امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق میرانشاہ بازار میں قائم ایک مشہور ہوٹل میں طالبان کے اہم رہنماﺅں کا اجلاس منعقد ہونا تھا اور یہ اجلاس ابھی شروع نہیں ہوا تھا اس دوران امریکی جاسوس طیاروں کے پانچ میزائل داغ دینے سے ہوٹل کی عمارت تباہ ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں چھ عرب، دو ازبک اور ایک پاکستان شامل ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق طالبان کمانڈروں کا دو سال بعد یہ اہم اجلاس منعقد ہونے جا رہا تھا۔ نجی ٹی وی نے بتایا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق حملے میں 9جنگجو مارے گئے جن کے نام ابھی تک سامنے نہیں آ سکے۔ طالبان ان کے نام صیغہ راز میں رکھ رہے ہیں۔ ہلاکتوں کی تصدیق سرکاری سطح پر یا کسی طالبان تنظیم کی طرف سے نہیں ہو سکی۔ ریڈیو مانیٹرنگ کے مطابق شمالی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں پر امریکہ کے چھ جاسوس طیاروں نے پروازیں کیں۔ قبائلیوں نے ان طیاروں پر فائرنگ بھی کی تاہم کسی طیارہ کو نقصان نہیں پہنچا۔ عام لوگوں میں پروازوں سے سراسمیگی پیدا ہوگئی۔
شمالی وزیرستان
Post New Comment