لاہور (وقائع نگار خصوصی + ریڈیو نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کے مختلف شہروں سے گرفتار ہونے والے مزید پانچ طالبان کو کسی دوسرے ملک کے حوالے کرنے اور ان سے غیر ملکی ایجنسیوں کو تفتیش کرنے سے روکنے کے لیے دائر متفرق درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی ہے جبکہ اس درخواست کو بھی مرکزی درخواست کے ساتھ سماعت کےلئے لگایا جائے گا۔درخواست گزار خالد خواجہ کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ملکی ایجنسیوں نے پانچ مزید طالبان رہنماﺅں طیب آغا، حکیم الدین محسود، ملا طیب، موسی خان اور عبدالقیوم ذاکر کو گرفتار کیا ہے جبکہ ان گ طالبان کو کسی دوسرے ملک کے حوالے کرنے کا امکان ہے لہٰذاعدالت حکومت کو کسی بھی ایسے اقدام سے روکے۔ مرکزی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان نے کراچی اور پنجاب سے 5 طالبان رہنماﺅں ملا عبدالغنی برادر ملا عبدالسلام مولوی کبیر ملا محمد اور امیر معاویہ کو گرفتار کیا ہے لیکن خدشہ ہے کہ انہیں کسی دوسرے ملک کے حوالے کر دیا جائے گا لہذا عدالت اسکا نوٹس لے اور ان ملزمان کو کسی دوسرے ملک کے حوالے کرنے سے روکا جائے۔
Post New Comment